ویب ڈیسک: خیبرپختونخوا حکومت نے کھیلوں کی سرگرمیوں کے انعقاد سے متعلق اہم فیصلہ کرتے ہوئے تمام اسپورٹس ایونٹس کے لیے پیشگی اجازت حاصل کرنا لازمی قرار دے دیا ہے۔
ڈائریکٹوریٹ جنرل اسپورٹس خیبرپختونخوا کی جانب سے تمام ریجنل اور ضلعی اسپورٹس افسران کو جاری مراسلے میں ہدایت کی گئی ہے کہ بغیر منظوری کسی بھی کھیلوں کی سرگرمی کا انعقاد غیر مجاز اور غیر قانونی تصور کیا جائے گا۔
مراسلے کے مطابق کسی بھی اسپورٹس ایونٹ کے انعقاد سے قبل ڈائریکٹر جنرل اسپورٹس خیبرپختونخوا سے باقاعدہ پیشگی منظوری حاصل کرنا ضروری ہو گا۔ اجازت نامے کی درخواست کے ساتھ ایونٹ کی تفصیلات، شریک کھلاڑیوں کی فہرست اور دیگر مطلوبہ دستاویزات جمع کرانا ہوں گی۔
حکام نے مزید ہدایت کی ہے کہ تمام کھیلوں کی سرگرمیوں کو ایم آئی ایس پورٹل کے ایونٹ مینجمنٹ سیکشن میں اپ لوڈ کرنا لازمی ہوگا، جبکہ ایونٹس میں شریک تمام کھلاڑیوں کی پیشگی رجسٹریشن بھی سرکاری ایم آئی ایس پورٹل پر کرانا ضروری ہوگی۔
نئے ضابطے کے تحت اسپورٹس ایونٹس میں دیے جانے والے انعامات، ٹرافیوں اور میڈلز کا مکمل ریکارڈ بھی پورٹل پر درج کرنا لازم قرار دیا گیا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد کھیلوں کی سرگرمیوں کو منظم بنانا، شفافیت کو فروغ دینا اور صوبے بھر میں ہونے والے اسپورٹس ایونٹس کا جامع ریکارڈ مرتب کرنا ہے۔