اسرار خان: لاہور میں ٹریفک حادثات کا سلسلہ تھم نہ سکا، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران شہر کے مختلف علاقوں میں 265 ٹریفک حادثات رپورٹ ہوئے جن میں ایک شخص جان کی بازی ہار گیا جبکہ 298 افراد زخمی ہو گئے۔
ریسکیو حکام کے مطابق حادثات میں زخمی ہونے والے 99 افراد کو تشویشناک حالت کے باعث مختلف ہسپتالوں میں منتقل کیا گیا، جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ 199 معمولی زخمیوں کو موقع پر ہی ابتدائی طبی امداد دے دی گئی، جس کے بعد متعدد افراد کو گھر جانے کی اجازت بھی دے دی گئی۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق زیادہ تر حادثات تیز رفتاری، لاپرواہ ڈرائیونگ اور ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کے باعث پیش آئے۔ شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ دورانِ سفر احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور ٹریفک قوانین کی پابندی کو یقینی بنائیں تاکہ قیمتی جانوں کا تحفظ ممکن بنایا جا سکے۔