عابد چودھری: لاہور ٹریفک پولیس نے رکشہ ڈرائیورز کے لیے خصوصی سہولت کا آغاز کرتے ہوئے ہر اتوار لائسنسنگ سینٹر کھلا رکھنے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ ڈرائیونگ لائسنس کے حصول کے عمل کو مزید آسان اور مؤثر بنایا جا سکے۔
چیف ٹریفک آفیسر لاہور سید عبدالرحیم شیرازی کے مطابق رکشہ ڈرائیورز اب ہر اتوار صبح 8 بجے سے شام 4 بجے تک مناواں لائسنسنگ سینٹر سے ڈرائیونگ لائسنس حاصل کر سکیں گے۔
انہوں نے کہا کہ رکشہ ڈرائیورز کے لیے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں جبکہ انہیں ٹریفک قوانین سے آگاہی دینے کے لیے خصوصی لیکچرز اور تربیتی سیشنز کا بھی اہتمام کیا جا رہا ہے، جن میں روڈ سیفٹی اور ذمہ دارانہ ڈرائیونگ پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔
سی ٹی او لاہور کا کہنا ہے کہ لائسنس یافتہ اور تربیت یافتہ ڈرائیور ہی محفوظ ٹریفک نظام کی ضمانت ہیں، اسی لیے ڈرائیورز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں اضافہ اور حادثات میں کمی کے لیے عملی اقدامات جاری ہیں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ لرنر لائسنس کے 42 روز بعد باقاعدہ ڈرائیونگ لائسنس حاصل کیا جا سکتا ہے۔