عابد چودھری: رکن پنجاب اسمبلی ثاقب چدھڑ کے خلاف تھانہ ڈیفنس اے میں درج چیک ڈس آنر مقدمات میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں دونوں فریقین کے درمیان مالی معاملات طے پا جانے کی اطلاعات ہیں۔
پولیس ذرائع کے مطابق مدعی خاتون ماہ رخ عارف اور ثاقب چدھڑ کے درمیان ہونے والے رضامندی نامے کی کاپی بھی سامنے آ گئی ہے، جس میں باہمی معاملات حل کرنے پر اتفاق کیا گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ مقدمات کے اندراج کے بعد ثاقب چدھڑ نے مدعی خاتون سے رابطہ کیا اور دونوں فریقین کے درمیان مذاکرات کے نتیجے میں لین دین کے معاملات طے پا گئے۔
ذرائع کے مطابق معاہدے کے تحت ثاقب چدھڑ واجب الادا رقم کی ادائیگی کریں گے، جس کے بعد متعلقہ اراضی کا انتقال ملکیت عمل میں لایا جائے گا۔
دوسری جانب پولیس حکام کا کہنا ہے کہ تاحال مدعی مقدمہ کی جانب سے کوئی تحریری بیان موصول نہیں ہوا۔ حکام کے مطابق تحریری مؤقف موصول ہونے کے بعد قانونی کارروائی کو آئندہ مرحلے میں آگے بڑھایا جائے گا۔
یاد رہے کہ ثاقب چدھڑ کے خلاف 27 کروڑ روپے مالیت کے چیک ڈس آنر ہونے کے الزام میں تھانہ ڈیفنس اے میں تین مقدمات درج کیے گئے تھے، جن کی تحقیقات جاری ہیں۔