ورلڈ بلڈ ڈونرز ڈے؛گورنر پنجاب نےتھیلیسیمیا کے مریض بچوں کیلئے خون کا عطیہ دیدیا

ورلڈ بلڈ ڈونرز ڈے؛گورنر پنجاب نےتھیلیسیمیا کے مریض بچوں کیلئے خون کا عطیہ دیدیا
کیپشن: Muhammad Balighur Rehman, file photo
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

 ویب ڈیسک:گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن کا کہنا ہے کہ تھیلیسیمیا میں مبتلا معصوم بچوں کے لیے خون کا عطیہ دینا ایک بہت بڑی نیکی ہے۔خون کے عطیے سے ہر سال لاکھوں مریضوں کو نئی زندگیاں ملتی ہیں۔

گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن نےورلڈ بلڈ ڈونرز ڈے کے موقع پرسندس فائونڈیشن کے زیر اہتمام تھیلیسیمیا کے مریض بچوں کے لیے خون کا عطیہ دیا۔ گورنر پنجاب کے علاوہ گورنر ہائوس کے سٹاف نے بھی خون کا عطیہ دیا۔ اس موقع پر صدر سند س فائونڈیشن محمد یاسین خان، میڈیکل ڈائریکٹر سندس فائونڈیشن ڈاکٹر عدنان گیلانی، سندس فائونڈیشن کا سٹاف ، بلڈ ڈونرز طلبا اور دیگر موجود تھے۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن نے کہا کہ تھیلیسیمیا میں مبتلا معصوم بچوں کے لیے خون کا عطیہ دینا ایک بہت بڑی نیکی ہے۔مصیبت، تکالیف اور جان لیوا بیماریوں میں گھرے ہوئے انسانوں کی خدمت کرنا اور ان کے دکھوں کا مداوا کرنا کسی عبادت سے کم نہیں۔ ایسے افراد کے چہروں پر مسکراہٹ لانا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں مل کر اس نیک مقصد اور اللہ کی رضا کے حصول کے لئے خون کے عطیات دینے چاہئیں۔ خون کے عطیے سے ہر سال لاکھوں مریضوں کو نئی زندگیاں ملتی ہیں۔ صحت مند شخص کے لئے خون عطیہ کرنا بے ضرر ہے جبکہ مریض کے لیے زندگی کی نوید ہے۔

محمد بلیغ الرحمن نے کہا کہ سندس فاونڈیشن تھیلیسیمیا اور ہیموفیلیاکے مریضوں کے لیے بہت اچھا کام کر رہی ہے۔عظیم لوگ وہ ہیں جو اپنی زندگیوں کو نوع انسانی کی خدمت کے لئے وقف کردیتے ہیں۔ تھیلیسیمیا سے بچائو کے لئے عوام میں شعور اجاگر کرنا ہوگا،  میڈیا بھی خون کاعطیہ کرنے کے حوالے سے عوام میں آگہی پیدا کرنے کے لیے اپنا مثبت کردار ادا کرے۔

اس موقع پر صدر سندس فانڈیشن یاسین خان نے کہا کہ گورنر پنجاب نے آج ورلڈ ڈونر ڈے پر خون کا عطیہ دے کر دوسروں کے لیے ایک مثال قائم کی ہے۔ گورنر پنجاب ہمیشہ سے تھیلیسیمیا کے مریض بچوں کو خو ن کے عطیہ دیتے رہے ہیں۔ سندس فائونڈیشن اس نیک عمل پر گورنر پنجاب کو خراج تحسین پیش کر تی ہے۔

Bilal Arshad

Content Writer