غلطیاں ہوئیں جس کی وجہ سے ڈراپ ہوا، سرفراز احمد

غلطیاں ہوئیں جس کی وجہ سے ڈراپ ہوا، سرفراز احمد
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

ۢۢۢ(مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور وکٹ کیپر بلے باز سرفراز  احمد نے کہا ہے کہ یقینی طور پر ان سے کوئی غلطیاں ہوئی ہوں گی جس کی وجہ سے وہ ٹیم سے ڈراپ ہوا تاہم کوشش ہوگی کہ ان غلطیوں کو نہ دہراؤں۔

 

نو ماہ بعد قومی اسکواڈ میں شمولیت حاصل کرنے والے 33 سالہ سرفراز احمد نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ وہ قومی اسکواڈ میں دوبارہ واپسی پر خو ش ہیں، کوشش ہو گی کہ جہاں موقع ملے بہتر سے بہتر پر فارم کروں،  ٹیم کے کپتان اور ریگولر ممبر ہونے کے بعد یوں ڈراپ ہونے پر مایوسی تو ہوتی ہے لیکن مثبت بات یہ تھی کہ ڈومیسٹک کرکٹ اور پی ایس ایل میں مصروف ہوگیا جس کی وجہ سے خود کو منفی خیالات سے دور رکھنے میں مدد ملی۔

سابق کپتان نے کہا کہ انسان سے غلطیاں ہو جاتی ہیں، شاید مجھ سے بھی غلطیاں ہوئی ہوں جس کی وجہ سے ٹیم سے باہر ہو گیا،  بطور کپتان ان کی ترجیح اور فوکس مجموعی کارکردگی رہا تھا لیکن اب اس سے آزاد ہوکر اپنی پرفارمنس پر فوکس کروں گا۔  ٹیم سے دور رہ کر اپنی فٹنس پر کافی کام کیا ہے،  فرسٹ چوائس، یا سیکنڈ چوائس سے فرق نہیں پڑتا، جہاں موقع ملے گا ٹیم کے لیے پرفارم کروں گا اور کوشش ہو گی کہ ایک بار پھر ایسی کارکردگی کا مظاہرہ کروں جس سے ٹیم میں مستقل جگہ پکی کرنے میں مدد ملے۔

پاکستان کو ٹی ٹوئنٹی کی نمبر ون ٹیم بنانے والے اور چیمپئنز ٹرافی جتوانے والے سابق کپتان نے مزید کہا کہ اس سے فرق نہیں پڑتا کہ وہ ماضی میں کپتان رہنے کے بعد اب عام کھلاڑی کے طور پر کھیلنا پڑے گا،ماضی میں بھی راشد لطیف اور معین خان ایک ساتھ ٹیم میں موجود تھے، اس سے ٹیم کے لیے بہتر کارکردگی دکھانے کا موقع ملتا ہے۔

سابق کپتان  سرفراز احمد نے کہا کہ انہوں نے بطور کپتان پلیئرز پر کبھی رعب نہیں جمایا اور نہ ہی زیادہ اونچی اڑان رکھی،   اپنا کم بیک ماضی سے بھی زیادہ بہتر اور یادگار بنانے کی خواہش ہے۔ ایک سوال پر سابق کپتان نے کہا کہ پاکستان ٹیم کے ساتھ مضبوط کوچنگ اسٹاف ہے، ایسا مضبوط کوچنگ اسٹاف اس سے پہلے کبھی نہیں دیکھا گیا اور یہ نوجوان پلیئرز کے پاس بہت زبردست موقع ہے کہ وہ بڑے کھلاڑیوں سے کچھ سیکھیں تاکہ مستقبل میں ان کے کام آسکے۔

Shazia Bashir

Content Writer