سٹی42 : فیلڈ مارشل عاصم منیر کی ترک صدر رجب طیب اردوان سے انقرہ میں اہم ملاقات ہوئی جس میں پاک ترک دفاعی تعاون، دفاعی صنعت میں اشتراک، علاقائی سلامتی اور مشرق وسطیٰ کی تازہ صورتحال پر بات چیت کی گئی۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اعلیٰ سطحی سرکاری دورے پر ترکیہ پہنچ گئے۔ دورے کا مقصد دونوں برادر ممالک کے درمیان دفاعی تعاون، عسکری روابط اور باہمی دلچسپی کے امور کو مزید فروغ دینا ہے۔
ترکیہ پہنچنے پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا ترک قیادت اور اعلیٰ عسکری حکام نے پرتپاک استقبال کیا۔ اس موقع پر دونوں ممالک کے دیرینہ برادرانہ تعلقات اور اسٹریٹجک شراکت داری کو اجاگر کیا گیا۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان اور وزیر دفاع یاشر گولر سے الگ الگ ملاقاتیں کیں۔ ملاقاتوں میں دوطرفہ تعلقات، دفاعی تعاون اور خطے کی مجموعی صورتحال پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔
پاکستان اور ترکیہ کی قیادت کے درمیان ہونے والی ملاقاتوں میں علاقائی سلامتی، دفاعی تعاون، عسکری روابط اور مشترکہ مفادات کے مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے ترک جنرل اسٹاف ہیڈکوارٹر کا دورہ کیا، جہاں انہیں مسلح افواج کے چاق و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا۔

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے چیف آف ترک جنرل اسٹاف جنرل سلچک بایراکتاراوغلو سے ملاقات کی۔ اس موقع پر پیشہ ورانہ عسکری تعاون، علاقائی سکیورٹی اور باہمی دفاعی امور پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔
ترک مسلح افواج نے پاک ترکیہ دفاعی تعلقات کے فروغ اور نمایاں عسکری خدمات کے اعتراف میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو ڈسٹنگوشڈ سروس میڈل سے نوازا۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے ترک لینڈ فورسز ہیڈکوارٹر میں ترک لینڈ فورسز کے کمانڈر جنرل میتن توکل سے ملاقات کی۔ ملاقات میں عسکری تربیت، پیشہ ورانہ تعاون اور دوطرفہ دفاعی روابط کے فروغ پر گفتگو کی گئی۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے انقرہ میں بانیٔ جمہوریہ ترکیہ مصطفیٰ کمال اتاترک کے مزار انیت کبیر پر حاضری دی، پھولوں کی چادر چڑھائی اور خراجِ عقیدت پیش کیا۔
دورے کے اختتام پر پاکستان اور ترکیہ نے دفاعی شراکت داری، عسکری تعاون اور برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ دونوں ممالک نے خطے میں امن، استحکام اور مشترکہ مفادات کے تحفظ کے لیے قریبی تعاون جاری رکھنے پر بھی اتفاق کیا۔