ویب ڈیسک : پنجابی فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھانے والی بھارتی اداکارہ اور پروڈیوسر سرگن مہتا نے اپنے ساتھ ہونے والے 70 لاکھ روپے کے فراڈ کا انکشاف کیا ہے۔
اداکارہ سرگن مہتا نے انکشاف کیا ہے کہ جب وہ اور روی دوبے اپنا پہلا ٹی وی شو ’اُڈاریاں‘ بنا رہے تھے، تو انہیں 70 لاکھ روپے کے فراڈ کا سامنا کرنا پڑا۔
اداکارہ سرگن مہتا نے یہ چونکا دینے والا انکشاف اپنے حالیہ انٹرویو میں کیا، جہاں انہوں نے اپنی پروڈکشن کمپنی کی مشکلات پر روشنی ڈالی، انہوں نے بتایا کہ وہ اور روی دوبے اپنا پہلا ٹی وی شو ’اُڈاریاں‘ بنا رہے تھے، تو انہوں نے اپنی ساری جمع پونجی لگا دی تھی۔
اداکارہ نے بتایا کہ جب ہمارا سیٹ بن رہا تھا، تو کسی نے ہمارے ساتھ 70 لاکھ کا فراڈ کر دیا۔ انہوں نے بتایا کہ اُس وقت شو آن ایئر جانے میں صرف 15 دن رہ گئے تھے، اور ہمارے پاس بس ایک خالی فلور تھا، جس کے بعد میں غصے میں آرٹ ڈائریکٹر سے جھگڑ پڑی اور سیکیورٹی کو مداخلت کرنا پڑی۔
اداکارہ نے بتایا کہ اس صورتحال نے انہیں شدید ذہنی دباؤ میں ڈال دیا، اور وہ کار میں بیٹھ کر رونے لگیں کہ آیا پروڈیوسر بننے کا فیصلہ صحیح تھا یا نہیں۔ اس دوران روی دوبے نے حوصلہ نہیں کھویا۔ سرگن نے بتایا، "روی نے مجھے تسلی دی اور کہا، ’گئی نا؟ نظر اُتر گئی! سب ٹھیک ہو جائے گا، ہم دوبارہ کما لیں گے۔‘"
یہ مشکل وقت 4 سے 5 ماہ تک جاری رہا، مگر سرگن اور روی کی محنت اور صبر نے انہیں کامیاب بنا دیا۔ آج اُڈاریاں انڈسٹری کا ایک کامیاب شو ہے، جس میں پرینکا چہر چودھری، انکت گپتا، ابھیشیک کمار اور ایشا ملویہ جیسے مشہور ستارے شامل تھے۔