ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

ہرنائی: کان کنوں کی گاڑی کے قریب دھماکا، 11 جاں بحق

ہرنائی: کان کنوں کی گاڑی کے قریب دھماکا، 11 جاں بحق
کیپشن: File photo
سورس: google
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

 عیسی ترین: بلوچستان کے ضلع ہرنائی کے علاقے شاہرگ میں دھماکے سے 11 مزدور جاں بحق جبکہ 6 زخمی ہو گئے۔

پولیس کے مطابق ہرنائی کے علاقے شاہرگ میں کوئلے کی کان میں کام کرنے والے مزدروں کی گاڑی کے قریب دھماکا ہوا جس میں متعدد افراد زخمی ہو گئے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ دھماکے میں زخمی ہونے والے متعدد زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے، قانون نافذ کرنے والے ادارے کے اہلکار بھی موقع پر پہنچ گئے اور دھماکے کی جگہ کو تحویل میں لیکر شواہد اکٹھے کرنا شروع کر دیئے ہیں۔

ڈپٹی کمشنر ہرنائی کے مطابق شاہرگ کے علاقے میں دھماکے سے 11 مزدور جاں بحق اور متعدد زخمی ہوئے ہیں، شاہرگ دھماکے میں جاں بحق اور زخمی ہونے والے زیادہ تر مزدوروں کا تعلق سوات اور شانگلہ سے بتایا جا رہا ہے۔

دوسری جانب وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اس واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور کہا کہ "معصوم لوگوں کو نشانہ بنانے والے درندے کسی رعایت کے مستحق نہیں۔" انہوں نے سوگوار خاندانوں کے ساتھ اظہار تعزیت کیا ہے۔

بلوچستان حکومت کے ترجمان شاہد رند نے کہا کہ "واقعہ کی تحقیقات کا حکم دے دیا گیا ہے اور شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں۔ ابتدائی تحقیقات سے معلوم ہوتا ہے کہ دھماکہ خیز مواد روڈ کنارے نصب تھا۔"

صوبائی حکومت کے ترجمان نے مزید بتایا کہ زخمی مزدوروں کو ہسپتال میں طبی امداد دی جا رہی ہے اور واقعے کی مکمل تحقیقات کی جا رہی ہیں۔

یاد رہے کہ بلوچستان میں عسکریت پسندوں کی جانب سے حالیہ مہینوں میں سکیورٹی فورسز اور شہریوں پر مسلسل حملوں کی اطلاعات ہیں، جن میں متعدد افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔ ان حملوں میں اکثر علیحدگی پسند بلوچ عسکری تنظیموں کی جانب سے ذمہ داری قبول کی جاتی ہے۔

پاکستان کی حکومت نے صوبے میں امن و امان قائم کرنے کے لیے مختلف اقدامات کیے ہیں، جن میں افغانستان کے ساتھ سرحد پر باڑ لگانے اور شدت پسندوں کے خلاف انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر کارروائیاں شامل ہیں۔ تاہم، عسکریت پسندوں کے حملے جاری ہیں اور صوبے میں حالات کشیدہ ہیں۔