71 ویں یوم آزادی پر لاہور میں جشن کا سماں، سبز ہلالی پرچموں کی بہار

71 ویں یوم آزادی پر لاہور میں جشن کا سماں، سبز ہلالی پرچموں کی بہار
کیپشن: City42 - Independence Day
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(سٹی42) اے ارض وطن تو ہمیشہ سلامت رہے، پاکستانی قوم آج 71 واں یوم آزادی ملی جوش و جذبے کے ساتھ منا رہی ہے، لاہور سمیت ملک بھر  میں ہر طرف سبز ہلالی پرچموں کی بہار ہے،   گوگل نے اپنا ڈوڈل بھی پاکستانی پرچم کے رنگوں میں رنگ کرکے پاکستانیوں کو جشن آزادی پر خوبصورت تحفہ دیدیا۔

آفتوں کی نہ دسترس ہو کبھی،اے وطن تیری استقامت تک

ہم پہ گزرَیں قیامتیں لیکن تو سلامت رہے قیامت تک

پاکستانی قوم آج 71 واں یوم آزادی ملی جوش و جذبے سے منا رہی ہے، صوبائی دارالحکومت لاہور میں یوم آزادی کے دن کا آغاز 21 توپوں کی سلامی سے ہوا۔ برکی روڈ محفوظ شہید گیریزن میں پاک فوج کے چاک وچوبند دستے نے اکیس توپوں کی سلامی دی، فوجی جوانوں کے اللہ اکبر کے نعروں سے فضا گونج اٹھی، اس سے قبل مساجد میں ملکی سلامتی اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں بھی کی گئیں۔

خدا کرے کہ مری ارض پاک پر اترے

وہ فصلِ گل جسے اندیشۂ زوال نہ ہو

یوم آزادی کے حوالے سے ملک بھر میں تقریبات منعقد کی جارہی ہیں، اس یادگار دن پر کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے بچنے کیلئے سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔جشن آزادی کی خوشی میں ملک بھر کی طرح لاہور کی گلیوں، محلوں، شاہراہوں اور اہم عمارتوں کو انتہائی خوبصورتی سے رنگ برنگے قمقموں، جھنڈیوں اور پرچموں سے سجایا گیا۔

یہ تیرا پاکستان ہے ، یہ میرا پاکستان ہے

اس پہ دل قربان اس پہ جان بھی قربان ہے

 پاکستان میں یوم آزادی ہر سال 14 اگست کو کوبرطانوی راج اور ہندو سامراج سے آزادی کے دن کی نسبت سے منایا جاتا ہے۔ یہ وہ دن ہے جب پاکستان 1947ء میں انگلستان سے آزاد ہو کر معرض وجود میں آیا۔

Sughra Afzal

Content Writer