سٹی 42 : گزشتہ روز پنجاب بھر میں روایتی جوش و خروش کے ساتھ "پنجابی کلچر ڈے" منایا گیا۔ اس دن کی مناسبت سے وزارت اطلات و ثقافت پنجاب کے زیر اہتمام صوبے کے تمام اضلاع میں خصوصی تقریبات کا انعقاد کیا گیا۔تمام سرکاری محکموں میں افسران اور ملازمین نے پنجابی ثقافت کی نمائندگی کرتے ہوئے روایتی لباس زیب تن کیے اور پنجابی پگڑیاں پہن کر اپنی ثقافتی شناخت کا بھرپور مظاہرہ کیا۔
پنجاب کی تمام آرٹس کونسلز میں کلچر ڈے کے سلسلے میں تقاریب کا انعقادکیاگیا، جہاں موسیقی، رقص، اور دیگر ثقافتی مظاہر پیش کئے گئے۔ پنجاب بھر کے سرکاری سکولوں میں بھی کلچر ڈے شاندار جوش و خروش کے ساتھ منایا گیا، جس کا مقصد نئی نسل کو اپنی روایات سے روشناس کرانا ہے۔
وزیر اطلاعات پنجاب عظمٰی بخاری نے "پنجابی کلچر ڈے" کے حوالے سے اپنے بیان میں کہا کہ پنجاب کی پگ پنجابیوں کی آن، بان اور شان ہے۔ ہمارا کلچر دنیا بھر میں اپنی ایک منفرد پہچان رکھتا ہے۔ پنجابی کلچر کو فروغ دینا اور اسے نئی نسل تک پہنچانا پنجاب حکومت کا ویژن ہے۔پنجاب حکومت کی ان کاوشوں کا مقصد ثقافتی ورثے کو محفوظ بنانا اور عالمی سطح پر پنجاب کی پہچان کو مزید مضبوط کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ 17 اپریل کو الحمراءلاہور میں ایک عظیم الشان تقریب منعقد کی جائے گی، جس میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز خصوصی خطاب کریں گی۔مریم نواز پنجابی ثقافت سے گہری دلی وابستگی رکھتی ہیں اور ان کی قیادت میں پنجاب حکومت ثقافت کے فروغ کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے۔