(سعید احمد سعید)پہلا روزہ آتے ہی برائلر کی قیمتوں میں ایک بار پھر اضافہ کردیا گیا، سرکاری نرخ نامے کے مطابق برائلر مرغی کے گوشت کی قیمت میں 9 روپے فی کلو اضافہ کیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق رمضان المبارک کے آغاز کے ساتھ ہی حکومتی ریلیف کے دعوے ہوا ہو گئے، نو روپے فی کلو اضافے کے بعد مرغی کا گوشت 336روپے سے بڑھ کر 345 روپے فی کلو ہو گیا۔ زندہ برائلر مرغی کا تھوک ریٹ 230روپے جبکہ پرچون ریٹ 238روپے فی کلو جاری کیا گیا۔فارمی انڈوں کا گزشتہ ڈیڑھ ماہ سے 166 روپے فی درجن سرکاری نرخ نامہ برقرار رکھا گیا اورانڈوں کی پیٹی 4860 روپے کی ہو گئی۔
واضح رہے گزشتہ دنوں برائلر گوشت کی قیمت نیچے آ گئی تھی لیکن رمضان شروع ہوتے ہیں مرغی کی قیمت ایک مرتبہ پھر سے آسمانوں کو چھونے لگی ہے۔برائلر مرغی کے گوشت کی قیمت میں روزبروز اضافے پر رد عمل دیتے ہوئے شہریوں نے حکومت کو آڑے ہاتھوں لیا شہریوں کا کہنا ہے رمضان المبارک میں برائلر مرغی کے گوشت کی قیمت میں کمی کی جائے تاکہ عوام کو ریلیف مل سکے کیونکہ روزبروز بڑھتی ہوئی مہنگائی نے لوگوں کا جینا دوبھر کر دیا ہے۔
شہریوں کا کہنا ہے حکومت کا مہنگائی پر کوئی کنٹرول نہیں،پہلے ہی پھل، سبزیاں،دالیں گروسری اور دیگر اشیائے خورونوش کی قیمتیں آسمان کو چھو رہی ہیں۔ حکومت قیمتیں کنٹرول کرنے کے حوالے سے فوری اقدامات کرے اور ان وجوہات کی نشاندہی کر کے تدارک کرے جن کی وجہ سے برائلر گوشت کی قیمت اس قدر بڑھتی جا رہی ہے۔