ویب ڈیسک:ممبئی میں بالی ووڈ اداکارہ امیشا پٹیل کے گھر سے مبینہ طور پر لاکھوں روپے مالیت کے زیورات چوری ہوگئے، جس پر پولیس نے ایک گھریلو ملازمہ کو گرفتار کرلیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق تقریباً 5 لاکھ بھارتی روپے مالیت کے زیورات امیشا پٹیل کے چرچ گیٹ میں واقع گھر سے غائب ہوئے۔ اداکارہ کے والدین اس گھر میں رہتے ہیں، جبکہ پولیس نے چوری کے شبہے میں 40 سالہ سیما گھاٹے کو حراست میں لیا ہے۔
پولیس کے مطابق سیما گھاٹے تقریباً ڈیڑھ سال سے امیشا پٹیل کے والدین کے گھر میں ملازمت کررہی تھی۔ اداکارہ کی والدہ آشا پٹیل کی شکایت پر میرین ڈرائیو پولیس نے معاملے کی تحقیقات شروع کیں۔
رپورٹس کے مطابق آشا پٹیل کو سیما گھاٹے پر زیورات غائب کرنے کا شبہ تھا اور وہ تقریباً 5 سے 6 ماہ تک مبینہ طور پر اس سے چوری کا اعتراف کرنے اور زیورات واپس کرنے کا مطالبہ کرتی رہیں، بعد ازاں انہوں نے پولیس سے رجوع کیا۔
پولیس نے ملزمہ کو گرفتار کرکے عدالت میں پیش کر دیا، جہاں عدالت نے اسے 15 ستمبر تک پولیس ریمانڈ پر بھیج دیا ہے۔