سعید احمد: قومی ایئر لائن پی آئی اے کو طیاروں کی کمی کا سامنا ہے اور اس وقت بیڑے میں صرف چار بوئنگ 777 آپریشنل ہیں۔
ذرائع کے مطابق پی آئی اے کے زیرِ استعمال دونوں بوئنگ 777 لانگ رینج طیارے گراؤنڈ ہو چکے ہیں، جس کے باعث کینیڈا کے لیے فلائٹ آپریشن معطل کر دیا گیا ہے۔
بوئنگ 777 طیارے اس وقت سعودی عرب، پیرس اور ٹورنٹو کے لیے استعمال ہو رہے ہیں, ذرائع کا کہنا ہے کہ طیاروں کی کمی کے پیشِ نظر پی آئی اے نے یورپ میں پیرس کے فضائی آپریشن کو محدود کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق لاہور سے پیرس کے لیے فلائٹ آپریشن 17 ستمبر سے بند کر دیا جائے گا، جبکہ پیرس سے لاہور کے لیے آخری پرواز 19 ستمبر کو روانہ ہو گی۔ تاہم ترجمان پی آئی اے کے مطابق اسلام آباد سے پیرس کے لیے دوطرفہ فلائٹ آپریشن بدستور فعال رہے گا۔
پی آئی اے نے 18 جون کو لاہور-پیرس کے لیے ہفتہ وار دو پروازیں شروع کی تھیں، لیکن برطانوی آپریشن کی تیاری اور طیاروں کی تزئین و آرائش کے باعث بیڑے کو محدود کر دیا گیا ہے۔