( عثمان الیاس ) موہنی روڈ سلامت محلہ بھی چوروں سے محفوظ نہ رہا، دن دھاڑے چور موٹرسائیکل لیکر فرار ہوگیا، سی سی ٹی وی فوٹیج کے باوجود پولیس نے تاحال ایف آئی آر درج نہ کی۔
موہنی روڈ سلامت محلہ میں گزشتہ ڈھائی ماہ سے ان گنت چوری اور ڈکیتی کے واقعات رپورٹ ہونے کے باوجود کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔ تین روز قبل گھر کے باہر سے چور دن دھاڑے موٹر سائیکل چوری کر کے فرار ہوگیا۔ سی سی ٹی فوٹیج ہونے کے باوجود تاحال ایف آئی آر درج نہ ہوسکی اور نہ چور کا کوئی سراغ لگایا جاسکا۔
چوری، ڈکیتی کی بڑھتی وارداتوں کے پیش نظر اہل علاقہ نے احتجاج کیا اور انصاف کی اپیل کی۔ علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ روزبروز وارداتوں میں اضافہ ہو رہا ہے اور پولیس خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے۔
علاقہ مکینوں کے مطابق ایسے واقعات سے خوف و ہراس پھیل رہا ہے، جان ومال بھی محفوظ نہیں، اس لئے حکام بالا سے اپیل ہے کہ وہ جلد از جلد نوٹس لیں۔
ادھر داتا دربار کی حدود بلال گنج میں فائرنگ کا واقعہ پیش آیا، فائرنگ کے نتیجے میں بشیر نامی شخص زخمی ہو گیا۔ مسلح ملزمان کی اندھا دھند فائرنگ کے نتیجے میں شہری کی دونوں ٹانگوں پر فائر لگے، جسے زخمی حالت میں میو ہسپتال متنقل کر دیا گیا جہاں اسکا علاج معالجہ جاری ہے۔