معراج اختر: کراچی ٹریفک پولیس نے شہر کے ٹریفک نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے روبوٹک گاڑیاں سڑکوں پر اتارنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ڈی آئی جی ٹریفک پیر محمد شاہ نے 24 نیوز سے گفتگو میں بتایا کہ یہ روبوٹک گاڑیاں پارکنگ اور لین کی خلاف ورزیوں کو خودکار طریقے سے مانیٹر کریں گی۔ گاڑیوں میں جدید سافٹ ویئر نصب کیا جائے گا جو قوانین کی خلاف ورزی کرنے والی گاڑیوں کو فوری شناخت کرے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ روبوٹک گاڑیاں شاپنگ مالز، ڈیپارٹمنٹل اسٹورز اور مصروف شاہراہوں کے اطراف کھڑی گاڑیوں کو چیک کریں گی، اور سسٹم کی مدد سے ڈرائیور کو فوری چالان جاری کر دیا جائے گا۔
ڈی آئی جی ٹریفک کے مطابق روبوٹک گاڑیاں آئندہ ہفتے سے سڑکوں پر کام کا آغاز کر دیں گی جس سے ٹریفک مانیٹرنگ میں شفافیت اور رفتار دونوں میں بہتری آئے گی۔