لاہور سمیت ملک بھر میں آج عیدالفطر منائی جارہی ہے

Eid ul Fitar
کیپشن: Eid ul Fitar
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(سٹی 42)  لاہور سمیت ملک بھر میں آج عیدالفطر مذہبی عقیدت و احترام اور جوش و جذبے سے منائی جا رہی ہے، اس موقع پر لاہور کی مساجد ،عید گاہوں اور پارکوں میں نماز عید کے روح پرور اجتماعات ہوئے،  جس میں ملک کی سلامتی، امت مسلمہ کی خوشحالی، کشمیری اور فلسطینی بہن بھائیوں کیلئے خصوصی دعا ئیں کی گئیں۔

صبح ہوتے ہی نماز عید الفطر کی ادائیگی کے لیے لاہوریوں کی کثیر تعداد نے شہر کی مختلف مساجد اور عید گاہوں کا رخ کیا، شہر بھر میں نماز عید الفطر مذہبی عقیدت و احترام سے ادا کی گئی،عید کے اجتماعات میں عالمی وبا کورونا سے نجات کیلئے  خصوصی دعائیں مانگی گئیں، اس کے علاوہ مقبوضہ کشمیر و فلسطین کی آزادی اور مسلم ممالک میں جاری فتنہ و فساد کے خاتمے کے لئے بھی اللہ رب العزت کی بارگاہ میں دعا کی گئی، چھوٹے بڑوں نے  ایک دوسرے کو عید کی مبارکباد پیش کی۔اس موقع پرلاہور شہر  بھر میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔

لاہور کی بادشاہی مسجد میں گورنر پنجاب چودھری محمد سرور اور الحاج قیصر امین بٹ سمیت متعدد شخصیات نے نماز ادا کی۔وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نےنماز عید وزیراعلیٰ آفس کی مسجد میں ادا کی، صدر مسلم لیگ ن میاں شہباز شریف نے ماڈل ٹاؤن رہائشگاہ کی مسجد میں نماز عید ادا کی،  سی سی پی او لاہور غلام محمود ڈوگر ، ایڈیشنل آئی جی فاروق مظہر، ڈی آئی جی صادق ڈوگر، ایس ایس پی اطہر اسماعیل ، ایس ایس پی انوسٹی گیشن امیرعبداللہ نیازی نے پولیس لائنز قلعہ گجر سنگھ میں نماز پڑھی، قذافی اسٹیڈیم فیروز پور روڈ پر نماز عیدالفطر کا بڑا اجتماع ہوا جہاں  خواتین سمیت مرد حضرات کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

صدر پاکستان ڈاکٹرعارف علوی ، وزیراعظم عمران خان اور وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے عید الفطر کے موقع پر تمام پاکستان کو مبارکباد دی اور ساتھ ہی کورونا ایس او پیز پر سختی سے عمل کرنے کی اپیل کی ہے۔

صدر مملکت عارف علوی نے عید الفطر کے موقع پر قوم کومبارکباد کا پیغام دیتے ہوئے کہا کہ پر مسرت موقع پر قوم اور عالم اسلام کو مبارکباد پیش کرتاہوں، دعاہے کہ عیدہماری زندگیوں میں ڈھیروں خوشیاں لےکرآئے، عیدپر ضرورت مندوں اور محتاجوں کو خوشیوں میں شریک کریں۔

وزیراعظم عمران خان نے عیدالفطر پر قوم کےنام اپنے پیغام میں کہا کہ عید پر اہل وطن اور ملت اسلامیہ کو مبارک باد پیش کرتا ہوں، اللہ کاشکر ہے کہ اس نے رمضان کےفیوض وبرکات سےمستفیدہونےکا موقع دیا، ہم نے رمضان صبروشکر اور عملی تربیت سے گزارا ہے، اللہ ہمارے روزوں اور عبادات کو اپنی بارگاہ میں قبول فرمائے۔

عید الفطر کے موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا کہ عید اللہ کے حضور سجدہ شکر بجا لانے کا دن ہے، وطن عزیز موجودہ حالات میں ہم سب سے سماجی فاصلے برقرار رکھتے ہوئے عید منانے کا تقاضا کرتا ہے۔ 

Sughra Afzal

Content Writer