ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

بے وفائی پر عمیر جیسوال کا سخت مؤقف سامنے آگیا

سوشل میڈیا صارفین نے ان کے مؤقف کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ بے وفائی ایک ناقابلِ قبول عمل ہے اور معاشرے میں اس کی واضح طور پر مذمت ہونی چاہیے۔

بے وفائی پر عمیر جیسوال کا سخت مؤقف سامنے آگیا
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

ویب ڈیسک: پاکستان کے معروف گلوکار، موسیقار اور اداکار عمیر جیسوال ایک بار پھر خبروں میں ہیں، جہاں انہوں نے بالواسطہ طور پر اپنی سابقہ اہلیہ ثنا جاوید کی جانب سے دھوکے کا شکار ہونے کی تصدیق کی ہے۔

عمیر جیسوال پاکستان کی میوزک انڈسٹری کا ایک نمایاں نام ہیں جو اپنی منفرد آواز اور ورسٹائل صلاحیتوں کی وجہ سے پہچانے جاتے ہیں۔ انہوں نے ٹی وی اور میوزک پلیٹ فارمز پر کئی یادگار پرفارمنسز دی ہیں، جن میں کوک سٹوڈیو کے مقبول گانے ‘چرخہ نو لکھا’ اور ‘سمی میری وار’ خاص طور پر پسند کیے گئے۔

موسیقی کے ساتھ ساتھ عمیر جیسوال نے اداکاری میں بھی اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا۔ وہ فلم ‘مور محل’ اور ‘یلغار’ سمیت مختلف پراجیکٹس میں نظر آ چکے ہیں۔

سال 2020 میں کورونا لاک ڈاؤن کے دوران عمیر جیسوال اور اداکارہ ثنا جاوید نے سادگی سے شادی کی تھی۔ اس کے بعد دونوں کو مختلف تقریبات اور عوامی مواقع پر ایک ساتھ دیکھا جاتا رہا۔

تاہم کافی عرصے تک خاموشی رہنے کے بعد جنوری 2024 میں اس وقت سب حیران رہ گئے جب پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شعیب ملک اور اداکارہ ثنا جاوید نے اپنی شادی کا اعلان کر دیا۔ اس خبر نے مداحوں کو چونکا دیا کیونکہ بظاہر اس وقت دونوں اپنے اپنے شریکِ حیات کے ساتھ شادی شدہ تھے۔

اس اعلان کے بعد سوشل میڈیا پر شعیب ملک اور ثنا جاوید کو بے وفائی کے الزامات کا سامنا کرنا پڑا۔ حال ہی میں عمیر جیسوال نے اپنے آفیشل انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ایک معنی خیز پیغام شیئر کیا جسے مداح اسی معاملے سے جوڑ رہے ہیں۔

اپنی پوسٹ میں انہوں نے بے وفائی کے حوالے سے ایک اقتباس شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ اگر کوئی شخص اپنے شریکِ حیات کے ساتھ دھوکا کرتا ہے تو ایسے لوگوں کو زندگی میں جگہ نہیں دینی چاہیے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ معاشرے میں ایسے رویوں کو معمول بنانے کے بجائے ان کی حوصلہ شکنی ہونی چاہیے۔

عمیر جیسوال کی اس پوسٹ کو مداحوں نے ان کے ذاتی تجربے سے جوڑتے ہوئے کہا کہ وہ خود بھی ایک رشتے میں دھوکے کا سامنا کر چکے ہیں۔ سوشل میڈیا صارفین نے ان کے مؤقف کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ بے وفائی ایک ناقابلِ قبول عمل ہے اور معاشرے میں اس کی واضح طور پر مذمت ہونی چاہیے۔