ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

شہید امت کانفرنس: مینار پاکستان کے اطراف ٹریفک پلان جاری، متعدد راستے بند

شہید امت کانفرنس: مینار پاکستان کے اطراف ٹریفک پلان جاری، متعدد راستے بند
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

عابد چودھری: لاہور ٹریفک پولیس نے مینار پاکستان میں منعقد ہونے والی " شہید امت کانفرنس" کے موقع پر خصوصی ٹریفک ایڈوائزری اور ڈائیورژن پلان جاری کر دیا ہے، جبکہ متعدد اہم شاہراہوں کو ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا ہے۔

چیف ٹریفک آفیسر سید عبدالرحیم شیرازی نے گریٹر اقبال پارک، پارکنگ اسٹینڈز اور ڈائیورژن پوائنٹس کا دورہ کیا اور انتظامات کا جائزہ لیا۔ کانفرنس اتحاد امت فورم کے زیر اہتمام مینار پاکستان گراؤنڈ میں منعقد کی جا رہی ہے۔

ٹریفک پولیس کے مطابق آزادی فلائی اوور کی جانب جانے والی ہر قسم کی ٹریفک کو متبادل راستوں پر منتقل کر دیا گیا ہے۔ ٹمبر مارکیٹ سے آزادی فلائی اوور جانے والا راستہ مکمل طور پر بند کر دیا گیا ہے جبکہ پیر مکی اور لاری اڈا سے آزادی فلائی اوور دونوں اطراف کی ٹریفک بھی معطل کر دی گئی ہے۔

سی ٹی او لاہور  سید عبدالرحیم شیرازی کے مطابق شیخوپورہ، گوجرانوالہ، کامونکی اور مریدکے سے لاہور آنے والی ٹریفک کو کالا شاہ کاکو انٹرچینج، ایسٹرن بائی پاس اور رنگ روڈ کے ذریعے شہر میں داخل ہونے کی ہدایت کی گئی ہے۔

اسی طرح سیکرٹریٹ اور لوئر مال سے شاہدرہ جانے والی ٹریفک کو ضلع کچہری، آؤٹ فال روڈ اور سگیاں کے راستے بھیجا جا رہا ہے، جبکہ ریلوے اسٹیشن سے شاہدرہ جانے والی گاڑیوں کو سبزی منڈی کے راستے منتقل کیا جا رہا ہے۔

ٹریفک پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ مینار پاکستان، گریٹر اقبال پارک اور ملحقہ شاہراہوں پر غیر ضروری سفر سے گریز کریں تاکہ ٹریفک کی روانی برقرار رکھی جا سکے۔

ایس پی ٹریفک کی نگرانی میں 4 ڈی ایس پیز، 30 ٹریفک انسپکٹرز اور 500 ٹریفک وارڈنز تعینات کیے گئے ہیں۔ شہریوں کو راستہ ایپ، راستہ ایف ایم، الیکٹرانک اور سوشل میڈیا کے ذریعے لمحہ بہ لمحہ ٹریفک صورتحال سے آگاہ رکھا جا رہا ہے۔