عرفان ملک: این سی سی آئی اے پنجاب نے لاہور، ملتان اور فیصل آباد میں کارروائیاں کرتے ہوئے خواتین کو آن لائن ہراساں اور بلیک میل کرنے میں ملوث 10 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
ادارے کے مطابق کارروائیوں کے دوران ملزمان کے قبضے سے موبائل فونز اور دیگر ڈیجیٹل شواہد برآمد کر کے فرانزک تجزیے کے لیے تحویل میں لے لیے گئے ہیں جبکہ فیصل آباد سے ایک ملزم فخر کو گرفتار کیا گیا جو اپنی سابقہ اہلیہ کی تصاویر اور ویڈیوز اس کے رشتہ داروں کو بھیج کر ہراساں کرتا تھا۔
اسی طرح ایک اور ملزم حسیب کو بھی گرفتار کیا گیا جو مصنوعی ذہانت (اے آئی) کی مدد سے اپنی سابقہ دوست کی جعلی تصاویر بنا کر پیسے بٹورنے میں ملوث تھا۔
این سی سی آئی اے کے مطابق تمام گرفتار ملزمان کے خلاف مزید تحقیقات جاری ہیں جبکہ ڈیجیٹل شواہد کی بنیاد پر مزید گرفتاریاں بھی متوقع ہیں۔