شہزاد خان: شہر میں گراں فروشی کا سلسلہ بدستور جاری ہے جبکہ ضلعی انتظامیہ سرکاری نرخوں پر عمل درآمد کرانے میں ناکام دکھائی دے رہی ہے۔ اوپن مارکیٹ میں اشیائے خورونوش سرکاری ریٹ لسٹ سے کہیں زیادہ قیمتوں پر فروخت کی جا رہی ہیں۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ شہر بھر میں دودھ سرکاری نرخ 170 روپے فی لٹر پر دستیاب نہیں، جبکہ مختلف علاقوں میں دودھ 220 سے 250 روپے فی لٹر تک فروخت کیا جا رہا ہے۔
اسی طرح دہی بھی مقررہ نرخوں سے زائد قیمت پر فروخت ہو رہا ہے اور مارکیٹ میں اس کی قیمت 260 سے 270 روپے فی کلو تک پہنچ چکی ہے۔
دوسری جانب گوشت کی قیمتوں میں بھی نمایاں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔ شہریوں کے مطابق شہر بھر میں معیاری مٹن 3500 روپے فی کلو تک فروخت کیا جا رہا ہے، جس سے صارفین شدید پریشانی کا شکار ہیں۔
شہریوں نے ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ سرکاری نرخوں پر عمل درآمد یقینی بنایا جائے اور گراں فروشی میں ملوث عناصر کے خلاف مؤثر کارروائی کی جائے تاکہ عوام کو ریلیف مل سکے۔