طلحہ اشرف:پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ کمی کے باوجود شہریوں نے حکومتی اقدام کو ناکافی قرار دیتے ہوئے اپنے تحفظات کا اظہار کیا ہے۔ عوام کا کہنا ہے کہ پٹرول کی قیمت میں معمولی کمی مہنگائی کے بوجھ کو کم کرنے کے لیے کافی نہیں۔
شہریوں کے مطابق ماضی میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بار بار نمایاں اضافے کیے گئے، تاہم اب قیمتوں میں کی جانے والی معمولی کمی عوامی توقعات کے برعکس ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ اس فیصلے سے نہ تو ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں کمی آئے گی اور نہ ہی اشیائے ضروریہ کی قیمتوں پر کوئی خاطر خواہ اثر پڑے گا۔
شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ حکومت پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں واضح اور بڑا ریلیف دے تاکہ مہنگائی سے متاثرہ عوام کو حقیقی فائدہ پہنچ سکے۔ ان کا کہنا ہے کہ ایندھن کی قیمتوں میں نمایاں کمی سے ہی روزمرہ استعمال کی اشیا اور سفری اخراجات میں کمی ممکن ہو سکے گی۔
عوامی حلقوں نے امید ظاہر کی ہے کہ حکومت آئندہ قیمتوں کے تعین میں عوامی مشکلات اور معاشی حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے مزید ریلیف فراہم کرے گی۔