سٹی 42: وزیر مملکت برائے اوورسیز پاکستانیز عون چوہدری نے جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن کے حالیہ بیان پر سخت ردعمل دیتے ہوئے ان سے شہداء کے لواحقین اور پوری قوم سے معافی مانگنے کا مطالبہ کیا ہے۔
عون چوہدری نے اپنے بیان میں کہا کہ "مولانا صاحب! کیا آپ نے شہادت جیسے عظیم رتبے کو تنخواہ سے جوڑ دیا ہے؟" انہوں نے کہا کہ شہادت تنخواہ سے نہیں بلکہ حب الوطنی، ایمان اور جذبۂ قربانی سے ملتی ہے۔
وزیر مملکت نے کہا کہ پاک فوج کے جوان وطن کی خاطر اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرتے ہیں اور پوری قوم کو ان پر فخر ہے۔ ان کے بقول، مولانا فضل الرحمٰن کا بیان شہداء اور ان کے اہل خانہ کی توہین کے مترادف ہے۔
عون چوہدری نے مزید کہا، "مولانا صاحب! اپنے ضمیر سے پوچھیں کہ آپ ایسے الفاظ کیسے ادا کر گئے۔" انہوں نے زور دیا کہ شہداء کی قربانیوں پر پوری قوم کو فخر ہے اور ان کے بارے میں غیر ذمہ دارانہ بیانات سے گریز کیا جانا چاہیے۔