شاہد ندیم سپرا: لیسکو میں نیٹ بلنگ پالیسی کے تحت سولر صارفین کے جنریشن لائسنس کے اجرا میں غیر معمولی تاخیر سامنے آئی ہے، جس کے باعث نئے نیٹ میٹرنگ کنکشنز کی منظوری کا عمل متاثر ہو رہا ہے۔
ذرائع کے مطابق لیسکو نے نیٹ بلنگ پالیسی کے تحت گھریلو، کمرشل، صنعتی، ٹیوب ویلز اور دیگر صارفین کے ساتھ بجلی کی جنریشن سے متعلق معاہدے مکمل کرنے کے بعد لائسنس کے حصول کے لیے تمام فائلیں اور آن لائن ڈیٹا نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) کو ارسال کر دیا ہے۔
تاہم نیپرا کی جانب سے جنریشن لائسنس کے اجرا میں غیر معمولی تاخیر کے باعث متعدد صارفین کے نیٹ میٹرنگ کنکشنز کا اجرا رکا ہوا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ مختلف کیٹیگریز کے صارفین کے لائسنس تاحال جاری نہیں کیے گئے، جس سے درخواست گزاروں کو مشکلات کا سامنا ہے۔
ذرائع کے مطابق موجودہ صورتحال میں سولر صارفین کو جنریشن لائسنس کے حصول کے لیے کم از کم ایک ماہ تک انتظار کرنا پڑ رہا ہے، جبکہ لائسنس جاری ہونے کے بعد ہی نیٹ بلنگ کا عمل مکمل کیا جا سکتا ہے۔