(اسرار خان) کاہنہ کے علاقہ میں سفاک بیٹے نے دو ہزار روپے کے تنازعہ پر چھریوں کے وار کر کے والد کو قتل کر دیا ، سی سی پی او نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے ملزم کی جلد گرفتاری کا حکم دے دیا ۔
پولیس کے مطابق واقعہ ظہور ٹاؤن میں پیش آیا، جہاں وسیم عباس نے اپنے والد سلیم کو چھریوں کے پے در پے وار کر کے بےدردی سے قتل کردیا اور موقع سے فرار ہو گیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ دونوں باپ بیٹا گرین سٹی میں ناشتہ لگاتے ہیں، بدھ کی رات وسیم عباس گھر لوٹا تو والد نے کمائی بارے دریافت کیا، ملزم نے آٹھ ہزار روپے بتائے جبکہ اس کے والد نے دس ہزار روپے کا مطالبہ کیا۔ دو ہزار روپے کے تنازعہ نے جھگڑے کی صورت اختیار کر لی جس پر ملزم وسیم عباس نے مشتعل ہوکر اپنے والد کو قتل کر دیا۔
واردات کی اطلاع پر پولیس اور فرانزک ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کر کے ملزم کی تلاش شروع کر دی۔
دوسری جانب سی سی پی او اور ڈی آئی جی آپریشنز نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے ایس پی ماڈل ٹاؤن سے رپورٹ طلب کر لی۔ اعلیٰ پولیس افسران نے واقعہ میں ملوث ملزم کی جلد گرفتاری کا بھی حکم دیا ہے ۔