( زاہد چودھری ) وزیراعلیٰ پنجاب نے ٹیچنگ ہسپتالوں کے پرائیویٹ کمروں کی ابتر حالت زار کا نوٹس لے لیا، ایک ہفتے میں کمروں کی تزئین و آرائش کرکے ہر کمرے میں ایئرکنڈیشنر، ٹی وی اور صاف ستھرے واش رومز کی موجودگی یقینی بنانے کے احکامات جاری کر دیئے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے ٹیچنگ ہسپتالوں میں پرائیویٹ کمروں کی ابتر حالت زار کا نوٹس لیتے ہوئے ہدایات جاری کی ہیں کہ فوری طور پر ٹیچنگ ہسپتالوں کے پرائیویٹ کمروں کی موجودہ حالت سے وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ کو آگاہ کیا جائے اور ایک ہفتے میں پرائیویٹ کمروں کی تزئین و آرائش کا عمل مکمل کیا جائے۔
وزیراعلیٰ کے مراسلے میں کہا گیا ہے ٹیچنگ ہسپتالوں کے ہر پرائیویٹ کمرے میں ایئرکنڈیشنر، ٹیلی ویژن لازمی موجود ہونا چاہئے، پرائیویٹ کمرے سے متصل صاف ستھرا اور تمام سہولتوں کا حامل واش روم بھی ہونا لازمی قرار دیا گیا ہے۔ وزیراعلیٰ کی جانب سے اس حکم پر فوری عملدرآمد کی ہدایت کی گئی ہے۔
ٹیچنگ ہسپتالوں کے پرائیویٹ کمروں کی اپ گریڈیشن سے وی آئی پی اور صاحب ثروت مریضوں کو سرکاری ہسپتالوں میں بہتر ماحول میں علاج معالجے کی سہولت میسر ہوسکیں گی۔