ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

ممکنہ بارشیں اور سیلاب، پنجاب کے متعلقہ محکمے ہائی الرٹ

ممکنہ بارشیں اور سیلاب، پنجاب کے متعلقہ محکمے ہائی الرٹ
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

علی رامے:وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایات پر ممکنہ بارشوں اور سیلاب سے نمٹنے کے لیے متعلقہ محکموں کو ہائی الرٹ کردیا گیا ہے۔ پی ڈی ایم اے اور ریسکیو اداروں نے ہنگامی صورتحال میں فوری ردعمل اور عوامی تحفظ یقینی بنانے کے لیے تیاریوں کا جائزہ لیا۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے سیف انور جپہ نے ایمرجنسی سروسز اکیڈمی اور ہیڈکوارٹرز کا دورہ کیا، جہاں سیکرٹری ایمرجنسی سروسز ڈاکٹر رضوان نصیر نے ریسکیو کی تیاریوں پر تفصیلی بریفنگ دی۔ اس موقع پر ہنگامی تیاریوں، ڈیزاسٹر مینجمنٹ کی حکمت عملی اور رسپانس کی صلاحیت مزید بہتر بنانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے نے ڈیزاسٹر رسپانس کی استعداد بڑھانے کے لیے نئی تربیتی سہولیات کا معائنہ کیا، جبکہ جدید ریسکیو آلات، واٹر ریسکیو گاڑیوں، بوٹس، لائف جیکٹس اور ڈی واٹرنگ پمپس کی دستیابی کا بھی جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں پی ڈی ایم اے اور ایمرجنسی سروسز ڈیپارٹمنٹ کے درمیان رابطہ کاری مزید مضبوط بنانے پر بھی گفتگو ہوئی۔ دونوں اداروں کے درمیان ڈیٹا شیئرنگ اور مشترکہ کنٹرول روم کے نظام کو مزید مؤثر بنانے پر اتفاق کیا گیا۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے سیف انور جپہ نے کہا کہ پنجاب بھر میں فلڈ مانیٹرنگ سیل 24 گھنٹے فعال ہے، دریاؤں اور ڈیموں کی سطح پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے اور کسی بھی غیر معمولی صورتحال کی فوری اطلاع دی جائے گی۔

انہوں نے ہدایت کی کہ تمام متعلقہ محکمے مشینری اور عملے کو ہائی الرٹ رکھیں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں رسپانس ٹائم کو کم سے کم کیا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ اعلیٰ سطح کی تیاری کے ذریعے عوام کے تحفظ کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔