سٹی 42 : وزیرداخلہ محسن نقوی، شہید میجر رضوان طاہر کی رہائش گاہ پہنچ گئے، جہاں انہوں نے شہید میجر رضوان طاہر کے والد کرنل ریٹائرڈ محمد طاہر اور دیگر اہل خانہ سے ملاقات کی۔
وزیرداخلہ محسن نقوی نے شہید میجر رضوان طاہر کے والدین اور بھائی میجر عثمان طاہر سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا۔ محسن نقوی نے شہید میجر رضوان طاہر کے درجات کی بلندی کے لئے دعا کی۔
وزیرداخلہ نے شہید میجر رضوان طاہر کے والد کرنل ریٹائرڈ محمد طاہر، والدہ اور بھائی میجر عثمان طاہر کے بلند حوصلے کو سراہا، کہا کہ آپ شہید بیٹے کے با ہمت اور بلند حوصلہ والدین ہیں، آپ کا یہ حوصلہ اور عزم ہی قوم کی طاقت ہے، آپ کی عظمت کو سلام۔ انہوں نے کہا کہ میجر رضوان طاہر نے بہادری سے بھارتی سپانسرڈدہشتگردوں کا مقابلہ کیا اور جام شہادت نوش کیا، شہید میجر رضوان طاہر قوم کے ہیرو ہیں، عظیم قربانی رائیگاں نہیں جائے گی۔
محسن نقوی نے کہا کہ شہداء کے خاندانوں کی لازوال قربانیوں کی قوم ہمیشہ مقروض رہے گی۔
شہید میجر رضوان طاہر کے والد نے کہا کہ بیٹے نے کئی انٹیلیجنس بیسڈ آپریشنز کو لیڈ کیا اور متعدد دہشتگردوں کو جہنم واصل کیا۔
چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا اور آئی جی اسلام آباد پولیس علی ناصر رضوی بھی اس موقع پر موجود تھے۔
واضح رہے کہ میجر رضوان طاہر چند روز قبل مستونگ میں بھارتی سپانسرڈ دہشتگردوں کے آئی ای ڈی دھماکے میں شہید ہو گئے تھے۔