سٹی42: محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کے انٹرنل آڈٹ ونگ میں مالی اور انتظامی بدعنوانیوں کا انکشاف، عملے نے افسران پر سنگین الزامات عائد کر دیے۔
ذرائع کے مطابق آڈٹ ونگ کے متعدد ملازمین نے سیکرٹری صحت کو باقاعدہ درخواست دے کر تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔ درخواست گزاروں کا مؤقف ہے کہ ونگ میں پٹرول کی خورد برد، گاڑیوں کی جعلی مرمت کے کلیمز اور فرضی انٹرٹینمنٹ الاؤنس کے ذریعے بھاری مالی بے ضابطگیاں کی گئیں۔
ملازمین نے دعویٰ کیا ہے کہ ان کی شکایات کا نوٹس لینے کے بجائے محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ نے الٹا درخواست گزاروں کے خلاف کارروائی شروع کر دی ہے۔
ذرائع کے مطابق ایک ملازم پر نشہ کرنے کا الزام لگا کر پیڈا ایکٹ کے تحت نوٹس جاری کر دیا گیا ہے جبکہ دیگر اہلکاروں کے خلاف سی سی ٹی وی ویڈیو چوری کی انکوائری شروع کر دی گئی ہے۔
ملازمین کا کہنا ہے کہ اعلیٰ افسران انٹرنل آڈٹ ونگ میں جاری مبینہ کرپشن پر پردہ ڈالنے کی کوشش کر رہے ہیں اور اصل الزامات کو سرد خانے کی نذر کیا جا رہا ہے۔
محکمہ صحت کی بیوروکریسی پر الزام ہے کہ وہ اپنے افسران کو بچانے اور معاملے کو دبانے میں سرگرم ہے، جس سے شفاف تحقیقات اور احتساب کا عمل متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔