ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

وزیر توانائی نے300 یونٹ تک بجلی پر سبسڈی کی خبریں بےبنیاد قراردے دیں

وزیر توانائی نے300 یونٹ تک بجلی پر سبسڈی کی خبریں بےبنیاد قراردے دیں
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

 ویب ڈیسک :وفاقی وزیر توانائی اویس احمد خان لغاری نے قومی اسمبلی میں خطاب کے دوران 300 یونٹ تک بجلی پر سبسڈی فراہم کیے جانے کی خبروں کو غلط اور بے بنیاد قرار دے دیا۔

وزیر توانائی نے کہا کہ اگر 300 یونٹ تک پروٹیکٹڈ صارفین کا دائرہ بڑھایا گیا تو حکومت کو سالانہ 275 ارب روپے کی سبسڈی دینی پڑے گی، جو موجودہ معاشی حالات میں ممکن نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ 200 یونٹ تک استعمال کرنے والے صارفین کو پہلے ہی سبسڈی اور رعایتی نرخ فراہم کیے جا رہے ہیں۔

 وفاقی وزیر توانائی کا کہنا تھا کہ ملک میں گرڈ سے منسلک صارفین کی تعداد ساڑھے 3 کروڑ سے زائد ہے، جن میں 0 سے 100 یونٹ استعمال کرنے والوں کو 90 فیصد اور 100 سے 200 یونٹ والے صارفین کو 70 فیصد تک سبسڈی فراہم کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر 201 یونٹ پر قدغن نہ لگائی جائے تو یہ پابندی 251 یا 301 یونٹ پر لگانی پڑے گی، اس لیے سلیب سسٹم میں کسی نہ کسی حد پر ایک یونٹ کا اثر ضرور آتا ہے۔

  وفاقی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ 200 یونٹ والے صارف کو 300 یونٹ والے کا ریٹ دینے سے سالانہ 275 ارب روپے کی سبسڈی دینا پڑے گی، جو موجودہ معاشی حالات میں ممکن نہیں۔ 200 یونٹ سے کم استعمال کرنے والے صارفین کی تعداد 1 کروڑ 83 لاکھ تک پہنچ چکی ہے اور پچھلے 9 ماہ میں ان کے لیے بجلی 60 فیصد سستی کی گئی جبکہ جون 2024 میں انڈسٹری سے 255 ارب روپے کی کراس سبسڈی لی گئی جو اب کم ہوکر 94 ارب رہ گئی ہے۔

 وزیر توانائی کے مطابق بشمول ٹیکس بجلی کا ٹیرف 48.7 روپے فی یونٹ سے کم ہوکر 38.4 روپے ہوگیا ہے جبکہ پروٹیکٹڈ صارفین کے لیے ٹیرف میں 58 فیصد اور نان پروٹیکٹڈ صارفین کے لیے 11 سے 17 فیصد کمی کی گئی۔

 انہوں نے مزید بتایا کہ وفاقی کابینہ نے انڈسٹری کے لیے بجلی کی مسابقتی مارکیٹس کی منظوری دے دی ہے اور وہیلنگ چارج کے تعین کے لیے ریگولیٹر کو درخواست دے دی گئی ہے، جبکہ حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ اب مزید بجلی نہیں خریدی جائے گی۔