ویب ڈیسک : پنجاب میں ذخیرہ اندوزی کیخلاف کریک ڈاؤن کے دوران 2 لاکھ 91 ہزارمن سے زائد گندم ضبط کرلی گئی۔
ڈپٹی کمشنر لاہور سید موسیٰ رضا کی قیادت میں ناجائز منافع خوروں کے خلاف کارروائیاں تیز کر دی گئیں۔ ضلعی انتظامیہ اور محکمہ خوراک نے ذخیرہ اندوزوں کیخلاف مشترکہ گرینڈ آپریشن کے دوران 2 لاکھ 91 ہزار من سے زائد گندم ضبط کرلی اور شہریوں کی سہولت کے لیے 3 روز میں 8 لاکھ آٹے کے تھیلے مارکیٹ میں فراہم کیے گئے۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ گرانفروشی کی روک تھام کے لیے پرائس مجسٹریٹس اور پیرا فورس متحرک ہیں اور شہر میں اشیائے خورونوش کی دستیابی مقررہ نرخوں پر یقینی بنائی جا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ ذخیرہ اندوزوں کے خلاف کارروائی بلا تعطل اور بلا تفریق جاری رکھی جائے گی اور آٹے و گندم کی سپلائی چین پر کڑی نظر رکھی جائے تاکہ کہیں قلت نہ ہو۔