اویس کیانی: اسلام آباد میں وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی اور وزیر مملکت طلال چودھری بنوں میں فتنہ الخوارج کے خلاف بہادری سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کرنے والے میجر عدنان اسلم کی رہائش گاہ پہنچے ۔
وزیرداخلہ محسن نقوی نے شہید میجر عدنان اسلم کے اہل خانہ سے ملاقات کی،وزیرداخلہ محسن نقوی نے والدین کے بلند حوصلے کو سراہتے ہوئے کہا کہ میجر عدنان نے بہادری اور شجاعت کی نئی داستان رقم کی، آپ کے شہید بیٹے نے بہادری اور شجاعت کی نئی داستان رقم کی، آپ شہید بیٹے کے با ہمت اور بلند حوصلہ والدین ہیں،آپ کا یہ حوصلہ اور عزم ہی قوم کی طاقت ہے، آپ کی عظمت کو سلام ،میجر عدنان نے زخمی حالت میں بھی اپنے ساتھیوں کا دفاع کیا۔
اس موقع پر طلال چوہدری نے کہا کہ شہداء کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی اور قوم ہمیشہ مقروض رہے گی، والدین نے بیٹے کی شہادت پر فخر کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وطن کے لیے جان قربان کرنا ہماری خواہش تھی۔ شہید میجر عدنان زخمی حالت میں بھی ساتھیوں کا دفاع کرتے رہے اور ان کی قربانی ہمیشہ یاد رکھی جائے گی،شہداء کے خاندانوں کی لازوال قربانیوں کی قوم ہمیشہ مقروض رہے گی۔
خیال رہے کہ میجر عدنان اسلم بنوں میں فتنہ الخوارج کے دہشتگردوں کے خلاف بہادری سے لڑتے اور ساتھی کو بچاتے ہوئے زخمی ہو گئے تھے اور انہوں نے چند روز قبل دوران علاج جام شہادت نوش کیا،چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا ،آئی جی اسلام آباد پولیس علی ناصر رضوی اور ڈپٹی کمشنر اسلام آباد عرفان میمن بھی اس موقع پر موجود تھے۔