سٹی42: ایف بی آر نے ٹیکس گزاروں کے دائرہ اختیار (جوریڈکشن) کی تبدیلی کے عمل کو مکمل طور پر ڈیجیٹل اور خودکار بنانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ اب کسی بھی قسم کی فزیکل درخواست قبول نہیں کی جائے گی۔
ٹیکس گزاروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ صرف آئی آر آئی ایس (IRIS) ماڈیول کے ذریعے آن لائن درخواستیں جمع کروائیں۔
ایف بی آر کے مطابق جوریڈکشن کی تبدیلی کی درخواستیں تصدیق کے بعد متعلقہ چیف کمشنرز کی جانب سے این او سی کی صورت میں آن لائن جاری کی جائیں گی۔ اس نئے آن لائن سسٹم کو شفافیت، بہتر کارکردگی اور ٹیکس گزاروں کے لیے سہولت کو یقینی بنانے کے لیے نافذ کیا گیا ہے۔
ادارے کا کہنا ہے کہ جوریڈکشن کی تبدیلی کے لیے ماضی میں جمع کرائی گئی سینکڑوں فزیکل درخواستیں زیر التوا تھیں، جن کی بروقت کارروائی نہ ہونے کی وجہ سے آڈٹ، ڈاکومنٹس کی تبدیلی اور دیگر مسائل پیدا ہو رہے تھے۔
تمام ٹیکس دہندگان کو نئے آن لائن نظام سے متعلق مکمل آگاہی فراہم کر دی گئی ہے تاکہ وہ بروقت اور آسانی سے اپنے دائرہ اختیار میں تبدیلی کے لیے درخواست دے سکیں۔