سٹی42: آئندہ سیلابی خطرات سے بچاؤ کے لیے پنجاب حکومت نے راوی کنارے واقع آبادیوں کو محفوظ بنانے کا جامع پلان تیار کر لیا ہے۔ اس منصوبے میں راوی اربن ڈیولپمنٹ اتھارٹی (روڈا) کے تعاون سے راوی سٹی کے گرد 46 کلومیٹر طویل مضبوط بند باندھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جسے حکومت نے اپنی ترجیحات میں شامل کر لیا ہے۔
اس حوالے سے گزشتہ روز سیکرٹری ہاؤسنگ نور الامین مینگل اور سی ای او سنٹرل بزنس ڈسٹرکٹ (سی بی ڈی) نے مجوزہ علاقے کا تفصیلی دورہ کیا اور منصوبے کے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لیا۔ محکمہ ہاؤسنگ پنجاب کی زیر نگرانی یہ منصوبہ روڈا مکمل کرے گا، جس کے لیے ابتدائی طور پر 100 ارب روپے کا بجٹ مختص کیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق منصوبے پر فوری عملدرآمد کے لیے روڈا کو کم از کم 50 ارب روپے درکار ہوں گے جبکہ پنجاب حکومت منصوبے کی تکمیل کے لیے 150 ارب روپے قابلِ واپسی قرض کی صورت میں فراہم کرے گی۔ منصوبے کے تحت ایک سال میں بند کی تعمیر مکمل کی جائے گی جبکہ دو بیراج بھی تعمیر کیے جائیں گے تاکہ پانی کی روانی کو کنٹرول کیا جا سکے۔
سیکرٹری ہاؤسنگ نور الامین مینگل منصوبے کی منظوری کے لیے وزیراعلیٰ پنجاب کو باقاعدہ سمری ارسال کر چکے ہیں، جبکہ روڈا، محکمہ ہاؤسنگ اور پنجاب حکومت نے منصوبے پر اصولی آمادگی ظاہر کر دی ہے۔