ویب ڈیسک: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے افغان فورسز کی جانب سے پاکستانی سرحدی علاقوں پر بلااشتعال فائرنگ کے واقعات کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستانی فورسز نے مؤثر اور بروقت ردعمل دے کر دشمن کو واضح پیغام دے دیا کہ اشتعال انگیزی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر جاری بیان میں محسن نقوی نے کہا کہ افغان فورسز کی جانب سے شہری آبادی کو نشانہ بنانا بین الاقوامی قوانین اور انسانی حقوق کی صریح خلاف ورزی ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان ایک پرامن ہمسایہ ہونے کے ناطے ہمیشہ برداشت اور حکمت کی پالیسی پر عمل پیرا رہا ہے، لیکن اگر ملکی سلامتی یا شہریوں کو نشانہ بنایا گیا تو اس کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔
وزیرداخلہ نےکہاکہ پاکستان کی بہادر فورسز نے فوری اور مؤثر جواب دے کر ثابت کیا کہ کسی بھی اشتعال انگیزی کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا، پاکستانی فورسز چوکس ہیں اور افغانستان کو اینٹ کا جواب پتھر سے دیا جا رہا ہے، افغانستان آگ و خون کا جو کھیل کھیل رہا ہے اس کے تانے بانے ہمارے ازلی دشمن سے ملتے ہیں، پاکستان کے عوام بہادر مسلح افواج کے ساتھ سیسہ پلائی دیوار کی طرح کھڑے ہیں، افغانستان کو بھی ہندوستان کی طرح منہ توڑ جواب دیا جائے گا اوروہ بھی ہندوستان کی طرح پاکستان کی طرف میلی آنکھ کی طرف دیکھنے کی جرأت نہیں کر سکے گا۔