ویب ڈیسک : پی ٹی آئی کے سیکریٹری جنرل عمر ایوب خان کا کہنا ہے کہ ہم سینیٹ الیکشنز پر بانی پی ٹی آئی سے مشاورت کرنا چاہتے تھے۔ ہم سینیٹ الیکشن جیت کر دکھائیں گے۔
اڈیالہ جیل کے باہر عمر ایوب خان نے دیگر رہنماؤں کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم لوگ آج بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کیلئے آئے تھے، ہم سب کے پاس عدالتی احکامات موجود ہیں، عدالتی احکامات کے باوجود ہمیں ملنے کی اجازت نہیں دی گئی، ہمیں بتایا گیا سیکورٹی وجوہات کے باعث ملاقات پر پابندی ہے۔سپرینڈنٹ اڈیالہ جیل بھی موجود نہیں اسسٹنٹ سپرٹینڈنٹ ہم سے بات کرنے کے بجائے بھاگ گیا، ہم جیل انتظامیہ کو قومی اسمبلی میں بلائیں گے، جیل میں کرپشن اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی تحقیقات کا مطالبہ کرتے ہیں۔دو ہفتوں کیلئے ملاقاتوں پر پابندی کی مزمت کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کہاں گیا قانون اور آئین کی بالادستی، ہمارا مطالبہ ہے ملک میں آئین اور قانون کی حکمرانی ہو۔ہم سینیٹ الیکشنز پر بانی پی ٹی آئی سے مشاورت کرنا چاہتے تھے۔ ہم سینیٹ الیکشن جیت کر دکھائیں گے۔ہمارے سینیٹرز چٹان کی طرح کھڑے ہیں ہم آگ کا دریا عبور کرکے آئے ہیں۔ موجودہ حکومت زیرو جمع زیرو ہے۔عوام ہماری ترجیح ہے اسی لئے ہم نے آئی ایم ایف کو خط لکھا تھا۔ ہمارے دور میں سارے سیکٹرز میں بہتری آرہی تھی۔ہمارے دور میں روپے اور ڈالر کی قدر و قیمت دیکھیں اور اب دیکھیں۔