سٹی 42: پنجاب کے6اضلاع میں2ہفتوں کیلئےلاک ڈاؤن کافیصلہ، اضلاع میں لاہور،گوجرانوالہ،فیصل آباد،ملتان،راولپنڈی اور سرگودھا شامل ہیں۔
تفصیلات کے مطابق لاہور سمیت پنجاب میں کورونا کیسز میں تیزی آگئی ہے۔ 24 گھنٹے میں کورونا سے 10 اموات رپورٹ ہوچکی ہیں۔میو ہسپتال میں 8، جنرل اور فاروق ہسپتال میں ایک مریض دم توڑ گیا۔ لاہور میں رواں سال کے سب سے زیادہ کیسز چوبیس گھنٹوں کے دوران کورونا کے ریکارڈ 991 مریض سامنے آئے۔ لاہور میں کورونا کیسز کی مثبت شرح 10 فیصد جبکہ پنجاب بھر میں کورونا کیسز کی مثبت شرح 10 اعشاریہ 34 فیصد ہوگئی ہے۔
کورونا وائرس کے 365 مریض ہسپتالوں میں داخل ہیں جن میں سے 146 مریض آئی سی یو ، 16 مریض وینٹیلیٹر پر زیر علاج ہیں۔ کورونا کی اس بگڑتی صورت حال کے باعث پنجاب حکومت نے صوبہ کے 6 اضلاع میں دو ہفتے کا لاک ڈاؤن لگانے کا فیصلہ کیا ہے۔اضلاع میں لاہور،گوجرانوالہ،فیصل آباد،ملتان،راولپنڈی اور سرگودھا شامل ہیں۔
دوسری جانب ضلعی انتظامیہ نے سپرنگ فیسٹیول ملتوی کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ ضلعی انتظامیہ نے ڈپٹی کمشنر بیٹل آف لاہور کرکٹ لیگ ملتوی کردی۔ سپرنگ فیسٹیول کے 20 مارچ سے 22 مارچ کوہونےوالی تمام تقریبات ملتوی کردی گئیں ہیں۔ ڈی سی لاہور کا کہنا تھا کہ کورونا کے خدشات کےباعث پندرہ مارچ سے 26 مارچ تک تمام تقریبات ملتوی کررہےہیں، صرف پنجاب کلچر ڈے کی تقریب منعقد کی جارہی ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ این سی او سی کے فیصلوں کی روشنی میں سپرنگ فیسٹیول کی تقریبات ملتوی کی گئیں ہیں۔
محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر ڈیپارٹمنٹ صوبہ پنجاب میں کورونا وائرس ویکسی نیشن کے تیسرے روز معمر شہریوں کی بڑی تعداد ویکسین لگوانے پہنچ گئی ہے۔ صوبہ بھر میں اب تک 60 سال سے زائد 7 ہزار 582 افراد کو ویکسین لگائی جا چکی ہے۔ترجمان پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کے مطابق 60 سال سے زائد عمر کے اب تک 2 لاکھ سات ہزار 464 افراد رجسٹرڈ ہو چکے ہیں۔کورونا ویکسین مہم کے پہلے روز ایکسپو سینٹر لاہور میں 1298 افراد جبکہ دوسرے روز 910 کو ویکسین لگائی گئی۔ لاہورایکسپو سینٹر میں پہلے روز 20، دوسرے روز 40 جبکہ آج 80 ویکسینیشن کاونٹرز قائم کیے گئے ہیں۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ صوبہ بھر میں رجسٹرڈ ہیلتھ کیئر ورکرز میں سے 88 ہزار 974 کو پہلی جبکہ 15 ہزار 177 کو دوسری ڈوز لگائی جا چکی ہے۔ویکسین سینٹرز پر صبح 8 بجے سے رات 8 بجے تک ویکسین لگائی جا رہی ہے۔ معمول کی زندگی کی جانب لوٹنے کیلئے بر وقت ویکسین لگوا کر وباء پر قابو پانے میں اپنا کردار ادا کریں۔کورونا ویکسین سے متعلق کسی بھی قسم کی مدد اور رہنمائی کے لیے 1033پر رابطہ کریں۔