ویب ڈیسک: نئے مالی سال کے بجٹ میں چھوٹے تاجروں کیلئے فکسڈ ٹیکس اسکیم متعارف کرائے جانے کا امکان ہے، جس کے تحت ملک بھر میں 35 لاکھ سے زائد چھوٹے کاروباری افراد کو ٹیکس نیٹ میں لانے کا منصوبہ بنایا جا رہا ہے۔
مجوزہ اسکیم کے مطابق سالانہ 20 کروڑ روپے یا اس سے کم کاروباری ٹرن اوور رکھنے والے تاجروں پر ایک فیصد فکسڈ ٹیکس عائد کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ اسکیم میں شمولیت کیلئے 25 ہزار روپے کی رجسٹریشن فیس کے ساتھ ایک آسان ٹیکس ریٹرن فارم جمع کرانا ہوگا۔
حکومتی ذرائع کے مطابق اس اقدام سے خزانے کو تقریباً 50 ارب روپے کی اضافی آمدن حاصل ہونے کی توقع ہے۔ اسکیم کے تحت 20 کروڑ روپے تک سالانہ کاروبار کرنے والے تاجروں کو 25 ہزار روپے ٹیکس ادا کرنا ہوگا۔
فائلر تاجروں کیلئے ان کی دکان پر نام اور این ٹی این نمبر پر مشتمل سلیب آویزاں کرنا لازمی ہوگا، جبکہ تاجروں کو رضاکارانہ فکسڈ ٹیکس اسکیم یا عام ٹیکس نظام میں سے کسی ایک کو منتخب کرنا ہوگا۔
ذرائع کے مطابق رجسٹریشن نہ کروانے والے تاجروں کے خلاف سخت کارروائی اور جرمانوں کی تجویز بھی شامل ہے، تاکہ زیادہ سے زیادہ کاروبار کو باقاعدہ ٹیکس نظام کا حصہ بنایا جا سکے۔