ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

ماشکیل حملہ: وزیراعظم، صدر،محسن نقوی اور مریم نواز کی شدید مذمت

ماشکیل حملہ: وزیراعظم، صدر،محسن نقوی اور مریم نواز کی شدید مذمت
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

سٹی 42: بلوچستان کے ضلع واشک کے علاقے ماشکیل میں 5 مزدوروں کے قتل کے واقعے پر ملک کی سیاسی قیادت نے شدید ردعمل دیتے ہوئے حملے کی مذمت، شہداء کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت اور دہشت گردی کے خلاف کارروائیاں مزید مؤثر بنانے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے شہداء کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ نہتے اور معصوم مزدوروں کو نشانہ بنانا انتہائی سفاکانہ اور بزدلانہ فعل ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ ایسے انسانیت سوز جرائم میں ملوث عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں اور حکومت و سیکیورٹی فورسز ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے اور ہر شہری کے جان و مال کے تحفظ کے لیے پرعزم ہیں۔

صدر مملکت آصف علی زرداری نے بھی حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ معصوم شہریوں اور محنت کش مزدوروں کو نشانہ بنانا کھلی بربریت ہے اور ایسے بزدلانہ حملے قوم کے عزم کو متزلزل نہیں کر سکتے۔ صدر نے کہا کہ دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا جبکہ ریاست شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدامات جاری رکھے گی۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اپنے بیان میں حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردوں نے نہتے محنت کشوں کو نشانہ بنا کر بربریت کا مظاہرہ کیا ہے۔ انہوں نے شہداء کے لواحقین سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکومت اس غم کی گھڑی میں متاثرہ خاندانوں کے ساتھ کھڑی ہے اور دہشت گردوں کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے بھی واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے سوگوار خاندانوں سے اظہار ہمدردی اور تعزیت کی۔ انہوں نے کہا کہ بے گناہ اور معصوم مزدوروں کو نشانہ بنانا انتہائی بزدلانہ فعل ہے۔