ویب ڈیسک: کولمبیا میں منعقدہ 56ویں انٹرنیشنل فزکس اولمپیاڈ میں پاکستانی طلبہ نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 3 کانسی کے تمغے اپنے نام کر لیے۔ عالمی مقابلے میں 90 ممالک کے 400 سے زائد طلبہ نے شرکت کی۔
تمغے جیتنے والوں میں گورنمنٹ سٹی بوائز اسکول ڈی جی خان کے ذوالفقار علی، ایف جی سر سید کالج راولپنڈی کے علی حمدان اور اسلام آباد کے دانیال شہزاد شامل ہیں۔ جبکہ ایچی سن کالج لاہور کے حزہ محمود اور راولپنڈی کے عبداللہ اعجاز نے اعزازی اسناد حاصل کیں۔
پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف انجینئرنگ اینڈ اپلائیڈ سائنسز (پیاس) کے مطابق قومی ٹیم کا انتخاب 22ویں نیشنل سائنس ٹیلنٹ کنٹیسٹ کے ذریعے کیا گیا تھا، جبکہ پیاس اور ہائر ایجوکیشن کمیشن کے اسٹیم کیریئرز پروگرام نے طلبہ کی عالمی معیار کے مطابق تربیت میں اہم کردار ادا کیا۔
پیاس کے مطابق 2001 سے اب تک 365 پاکستانی طلبہ مختلف بین الاقوامی اولمپیاڈز میں شرکت کر چکے ہیں اور مجموعی طور پر 144 تمغے اپنے نام کر چکے ہیں۔ ادارے نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان اٹامک انرجی کمیشن نوجوان سائنسی ٹیلنٹ کی سرپرستی اور ترقی کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔ پاکستانی ٹیم کی قیادت پروفیسر ڈاکٹر محمد عرفان اور ڈاکٹر محمد وسیم نے کی۔