اسرار خان: لاہور کے علاقے سندر میں خاتون سے مبینہ زیادتی اور رقم ہتھیانے کے الزام میں پولیس نے مقدمہ درج کرکے نامزد دونوں ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔
ایف آئی آر کے مطابق متاثرہ خاتون کو ماڈلنگ کے بہانے بلایا گیا، جہاں مبینہ طور پر مشروب میں نشہ آور چیز ملا کر اس کے ساتھ زیادتی کی گئی۔ مقدمے میں یہ بھی الزام عائد کیا گیا ہے کہ متاثرہ خاتون کے مختلف بینک اکاؤنٹس سے مجموعی طور پر 6 لاکھ روپے دیگر اکاؤنٹس میں منتقل کیے گئے۔
ترجمان ڈی آئی جی آپریشنز کے مطابق خاتون کی درخواست پر تھانہ سندر میں مقدمہ درج کر کے قانونی کارروائی کا آغاز کیا گیا۔ مختلف مقامات پر چھاپے مار کر مقدمے میں نامزد دونوں ملزمان حسن اور بلال کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ کیس کے مختلف پہلوؤں پر دستیاب شواہد کی روشنی میں تفتیش جاری ہے۔ ترجمان کے مطابق متاثرہ خاتون کو انصاف کی فراہمی ہر صورت یقینی بنائی جائے گی، جبکہ خواتین کے خلاف جرائم پر لاہور پولیس زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت تمام قانونی تقاضے پورے کر رہی ہے۔