فاران یامین: ڈولفن اسکواڈ اور پولیس ریسپانس یونٹ (پی آر یو) نے اپنی ہفتہ وار کارکردگی رپورٹ جاری کر دی، جس کے مطابق مختلف کارروائیوں کے دوران ڈکیتی اور چوری کی وارداتوں میں ملوث ملزمان سمیت متعدد اشتہاری اور عادی مجرمان کو گرفتار کیا گیا۔
ترجمان ڈولفن کے مطابق کارروائیوں کے دوران ڈولفن اسکواڈ نے ایک خطرناک ڈکیت گینگ کو گرفتار کیا، جبکہ ڈکیتی اور چوری کی وارداتوں میں ملوث دیگر ملزمان کو بھی قانون کی گرفت میں لیا گیا۔
ایس پی ڈولفن بلال احمد کے مطابق دورانِ پٹرولنگ 13 اشتہاری ملزمان، 88 عادی مجرمان اور 11 عدالتی مفروران کو گرفتار کیا گیا۔ ملزمان کے قبضے سے پستول، ایک رائفل، گولیاں اور میگزینز بھی برآمد کیے گئے۔
رپورٹ کے مطابق 9 مشکوک گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کو مختلف تھانوں میں بند کیا گیا، جبکہ 118 افراد کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی گئی۔ اس کے علاوہ ون ویلنگ اور پتنگ بازی میں ملوث 7 ملزمان کو بھی گرفتار کیا گیا۔
ایس پی ڈولفن بلال احمد نے بتایا کہ کمیونٹی پولیسنگ کے تحت مختلف نوعیت کے 57 سے زائد افراد کو بروقت ریسکیو کر کے امداد فراہم کی گئی، جبکہ شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے ڈولفن اور پی آر یو کی پٹرولنگ کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔