کورونا، احتیاط نہ کی تو خطرے کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے: اسد عمر

کورونا، احتیاط نہ کی تو خطرے کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے: اسد عمر
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(مانیٹرنگ ڈیسک) وفاقی وزیر منصوبہ بندی، ترقیات اور خصوصی اقدامات اسد عمر نے ایک بار پھر قوم سے کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے احتیاطی تدابیر پر عمل کرنے کی اپیل کرتے ہوئے خبر دار کیا ہے کہ صحت کے نتائج ہمارے فیصلوں اور ذاتی انتخاب سے بھرپور طریقے سے منسلک ہیں۔

وفاقی وزیر اسد عمر نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ جب دوسری لہر میں تیزی آئی تو ہم نے نومبر کے آخری ہفتے میں اپنے تجزیے کے تحت زیادہ خطرے کے حامل علاقوں کو بند کردیا تھا۔ انہوں نے کہاکہ دسمبر کے پہلے ہفتے میں ہسپتال میں داخل ہونے والے مریضوں کی تعداد انتہا پر پہنچ گئی تھی، دوسرے ہفتے میں آکسیجن/ وینٹی لیٹر کے مریضوں کی تعداد انتہا پر تھی، تیسرے ہفتے میں اموات میں اضافہ ہوا اور پھر کمی آئی، فیصلے اور نتائج انتہائی حد تک باہمی ربط رکھتے ہیں۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ اعدادوشمار واضح کرتے ہیں کہ کووڈ۔19 کے نتائج ذاتی انتخاب اور فیصلوں سے کس طرح سے منسلک ہیں، لہٰذا یہ ضروری ہے کہ ہم سب ذمہ داری لیں اور احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔

واضح رہےکہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران  پاکستان میں کورونا وائرس سے مزید 41 افراد جاں بحق ہوگئے، جس کے بعد اموات کی تعداد 10 ہزار 717 ہوگئی، پاکستان میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 5 لاکھ 6 ہزار 701 ہوگئی۔

Sughra Afzal

Content Writer