ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

سرکاری ہسپتالوں کو سیف سٹی سسٹم سے منسلک کرنے کا عمل شروع

سرکاری ہسپتالوں کو سیف سٹی سسٹم سے منسلک کرنے کا عمل شروع
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

علی ساہی: پنجاب حکومت نے سرکاری ہسپتالوں کو سیف سٹی سسٹم سے منسلک کرنے کا باقاعدہ عمل شروع کر دیا ہے۔

 پہلے مرحلے میں لاہور کے 10 بڑے سرکاری ہسپتالوں کو جدید سرویلنس سسٹم سے جوڑ دیا گیا ہے، جبکہ صوبے بھر کے 35 سے زائد ہسپتال سیف سٹی سرویلنس نیٹ ورک کا حصہ بن چکے ہیں۔

سیف سٹی حکام کے مطابق گنگا رام ہسپتال، لیڈی ایچی سن، جنرل ہسپتال، میاں منشی ہسپتال اور نواز شریف ہسپتال سمیت دیگر اہم طبی مراکز کو سسٹم سے منسلک کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ فیصل آباد، بہاولپور، راولپنڈی اور گوجرانوالہ کے سرکاری ہسپتال بھی مرحلہ وار سیف سٹی نیٹ ورک میں شامل کیے جا رہے ہیں۔

منصوبے کے تحت ہسپتالوں کے ایمرجنسی وارڈ، ان ڈور اور آؤٹ ڈور شعبہ جات کے علاوہ داخلی و خارجی راستوں پر جدید کیمروں کے ذریعے مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ اس اقدام سے ہسپتالوں کی ریئل ٹائم مانیٹرنگ ممکن ہوگی اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری مدد فراہم کی جا سکے گی۔

حکام نے واضح کیا ہے کہ اس منصوبے کا مقصد مریضوں، ان کے لواحقین اور طبی عملے کے تحفظ کو یقینی بنانا ہے، تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے کی صورت میں فوری پولیس رسپانس دیا جا سکے۔

آئندہ مرحلوں میں پنجاب بھر کے تمام سرکاری ہسپتالوں کو سمارٹ سیف سٹی سسٹم سے منسلک کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے، جس سے صوبے میں صحت کے مراکز کی سکیورٹی اور نظم و ضبط کو مزید مؤثر بنایا جا سکے گا۔