ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

کیلیفورنیا سینیٹ میں پاکستان امریکا تعلقات پر تاریخی قرارداد منظور

کیلیفورنیا سینیٹ میں پاکستان امریکا تعلقات پر تاریخی قرارداد منظور
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

منصور احمد: کیلیفورنیا کی ریاستی سینیٹ نے پاکستان اور امریکا کے دیرینہ تعلقات اور پاکستانی امریکی کمیونٹی کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے تاریخی قرارداد متفقہ طور پر منظور کرلی۔

11 اگست 2026 کو منظور کی گئی قرارداد میں کیلیفورنیا کی معیشت، ثقافت اور سماجی زندگی میں پاکستانی امریکی کمیونٹی کے نمایاں کردار کو سراہا گیا ریاستی سینیٹر میلیسا ہرتاڈو کی جانب سے پیش کی گئی قرارداد میں کیلیفورنیا کی ترقی میں پاکستانی امریکی کمیونٹی کی خدمات اور مختلف شعبوں میں ان کی کامیابیوں کو اجاگر کیا گیا۔

کیلیفورنیا اسٹیٹ اسمبلی نے پاکستان اور ریاست کیلیفورنیا کے درمیان تعلقات کے فروغ کے عزم کا اظہار کیا جبکہ پاک امریکا اقتصادی تعاون میں پاکستانی نژاد امریکی کاروباری شخصیات اور سرمایہ کاروں کے کردار کو بھی سراہا۔

اسمبلی نے پاکستان اور امریکا کے درمیان دوطرفہ تعلقات کے فروغ کے لیے سفیر پاکستان رضوان سعید شیخ کی خدمات کو بھی سراہا۔ یہ اعلانات کیلیفورنیا اسٹیٹ اسمبلی کے رکن میٹ ہینی نے ایوان کے فلور پر کیے جبکہ امریکا میں پاکستان کے سفیر رضوان سعید شیخ نے قرارداد کی متفقہ منظوری پر اظہار تشکر کرتے ہوئے سینیٹر میلیسا ہرتاڈو کی قیادت کو سراہا۔

سفیر پاکستان  رضوان سعید شیخ نے عوامی سطح پر روابط مزید مستحکم کرنے اور پاکستان امریکا دوطرفہ تعلقات میں مثبت پیش رفت کو آگے بڑھانے کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔

قرارداد کی منظوری سفیر پاکستان کے کیلیفورنیا کے سرکاری دورے کے موقع پر ہوئی، جس کے دوران انہوں نے ریاستی قانون سازوں سے ملاقاتیں کیں اور پاکستان امریکا کے اقتصادی و سیاسی روابط کو مزید مضبوط بنانے پر تبادلہ خیال کیا۔

سینیٹر ایلویز گومیز سے ملاقات میں سفیر پاکستان نے پاکستان اور امریکا کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری اور اقتصادی تعاون کے فروغ کے امکانات پر گفتگو کی۔ سینیٹر گومیز نے علاقائی امن اور استحکام کے فروغ میں پاکستان کے کردار کو سراہا۔

اس موقع پر رضوان سعید شیخ نے سینیٹر گومیز کو پاکستان کا دورہ کرنے کی باضابطہ دعوت بھی دی۔

سفیر پاکستان نے اسمبلی ممبر میٹ ہینی اور اسمبلی وومن شارون کوئرک سلوا کے اعزاز میں ظہرانہ بھی دیا، جس کے دوران پاکستان امریکا دوطرفہ تعاون کے اہم پہلوؤں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

رضوان سعید شیخ نے دونوں قانون سازوں کو پاکستان کا دورہ کرنے کی دعوت دی تاکہ اہم شعبوں میں دوطرفہ تعاون اور روابط کو مزید فروغ دیا جاسکے۔

قرارداد کی منظوری کے لیے کونسل آف پاکستان نے بھی اہم کردار ادا کیا، جس کی قیادت ڈاکٹر عمران شریف کر رہے ہیں۔