ورلڈ کپ کی تیاریاں، پی سی بی کا قومی ٹیم کی مصروفیات کا اعلان

ورلڈ کپ کی تیاریاں، پی سی بی کا قومی ٹیم کی مصروفیات کا اعلان
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

( شہباز علی ) پاکستان کرکٹ بورڈ نے ورلڈ کپ کی تیاریوں اور قومی ٹیم کی مصروفیات کے شیڈول کا اعلان کردیا ہے، میگا ایونٹ کی تیاریوں کے لئے قومی کھلاڑی 14 اپریل کو نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں رپورٹ کریں گے۔

پی سی بی کی جانب سے جاری کردہ شیڈول کے مطابق 15 اپریل کو کھلاڑیوں کے فزیکل فٹنس ٹیسٹ ہوں گے جبکہ 16 اور 17 اپریل کو کھلاڑی پریکٹس سیشن میں حصہ لیں گے۔ چیف سلیکٹر انضمام الحق 18 اپریل کو شام ساڑھے پانچ بجے قذافی اسٹیڈیم میں انگلینڈ کے خلاف سیریز اور ورلڈ کپ اسکواڈ کا اعلان کریں گے۔ ورلڈ کپ کے لئے 15 کھلاڑیوں کے علاوہ دو ریزرو کھلاڑیوں کے ناموں کا اعلان کیا جائے گا۔

20 اور 21 اپریل کو قومی ٹیم کے سات سات کھلاڑیوں کے ساتھ اوپن میڈیا سیشن ہوگا جبکہ 22 اپریل کو قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ مکی آرتھر اور کپتان سرفراز احمد ورلڈ کپ کے حوالے سے پریس کانفرنس کریں گے۔ قومی ٹیم میگا ایونٹ میں شرکت کے لئے 23 اپریل کو انگلینڈ روانہ ہوگی۔ انگلینڈ کے خلاف سیریز سے قبل پاکستانی ٹیم تین پریکٹس میچز کھیلے گی جبکہ 5 مئی کو پاک انگلینڈ ٹی ٹونٹی میچ ہوگا جس کے بعد پانچ ایک روزہ میچز کھیلے جائیں گے۔

ورلڈ کپ سے قبل قومی ٹیم افغانستان اور بنگلہ دیش کے خلاف دو وارم اپ میچز کھیلے گی جبکہ پاکستانی شاہین 31 مئی کو ویسٹ انڈیز کے خلاف میچ سے اپنی ورلڈ کپ مہم کا آغاز کریں گے۔