سٹی 42: معاشی تھنک ٹینک اکانومک پالیسی اینڈ بزنس ڈویلپمنٹ (EPBD) نے پاکستان کی معاشی تاریخ پر مبنی ’’ پاکستان اکانومک ڈیش بورڈ‘‘ متعارف کرادیا۔
اعلامیے کے مطابق ڈیش بورڈ میں ’’ پاکستان اسکور کارڈ‘‘ بھی شامل ہے، جس میں گورننس، معاشی اور سماجی اشاریوں پر عالمی اور علاقائی رینکنگ فراہم کی گئی ہے EPBD کے مطابق ڈیش بورڈ میں پاکستان کا 75 سال سے زائد کا مستند معاشی اور سماجی ڈیٹا ایک جگہ جمع کیا گیا ہے، جس سے مختلف سرکاری اداروں کی رپورٹس، بیانات اور ریلیزز میں بکھرے اعداد و شمار تک رسائی آسان ہوگئی ہے۔
اعلامیے میں کہا گیا کہ مختلف ادوار میں طریقہ کار اور اشاریوں میں تبدیلی کے باعث دہائیوں پرانے اعداد و شمار کا موازنہ مشکل تھا، تاہم ڈیش بورڈ میں اس ڈیٹا کو ایک جگہ مرتب کیا گیا ہے پاکستان اکانومک ڈیش بورڈ میں جی ڈی پی، پالیسی ریٹ، ادائیگیوں کا توازن، پاور سیکٹر کے نقصانات اور گھریلو معیارِ زندگی سمیت 10 اہم شعبوں کا احاطہ کیا گیا ہے۔
اعلامیے کے مطابق ڈیش بورڈ میں شامل تمام اعداد و شمار سرکاری قومی ذرائع سے لیے گئے ہیں اور بنیادی ذرائع کے نام بھی واضح کیے گئے ہیں یہ ڈیش بورڈ محققین، اساتذہ، طلبہ، صحافیوں اور پالیسی سازوں کے لیے مفت دستیاب ہے، جس کے لیے کسی سبسکرپشن یا رجسٹریشن کی ضرورت نہیں۔
اعلامیے کے مطابق عوام اور ماہرین ڈیش بورڈ کو epbdt.org.pk پر مفت استعمال کرسکتے ہیں۔