( جواد آصف)انسداد دہشت گردی عدالت نے جماعت اسلامی کی ہڑتال کے دوران ہنگامہ آرائی اور جلاؤ گھیراو کے مقدمے میں چھ ملزمان کی درخواست ضمانت منظور کرلی۔
عدالت نے ملزمان کو 50,50 روپے کے مچلکے جمع کروانے کا حکم دے دیا،ملزمان میں عبدالرشید، ذاکر علی، مصعب رسول، احمد، کامران اور خورشید شامل ہیں۔
عدالت نے کہاکہ مقدمے کے مطابق ملزمان صبح 6:30 بجے زبردستی دکانیں بند کروا رہے تھے،کاروباری مراکز میں دکانیں عموما ًصبح نو بجے کے بعد کھلتی ہیں، تفتیشی افسر نے دکانیں بند کروانے کے الزامات سے متعلق دکانداروں کے بیانات ریکارڈ نہیں کئے۔
عدالت کے مطابق ایف آئی آر یا دیگر دستاویز میں بھی دکانداروں کی شناخت موجود نہیں، تفتیشی افسر نے جلائی گئی موٹر سائیکلوں کے مالکان کے بھی بیانات ریکارڈ نہیں کئے، ملزمان کے خلاف مبینہ جرم سے متعلق عینی شاہدین موجود نہیں۔
عدالت کے مطابق مقدمے میں ملزمان کا مخصوص کردار بھی واضح نہیں، ملزمان کے خلاف مقدمہ تھانہ زمان ٹاؤن میں مقدمہ درج ہے۔