ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

ہربنس پورہ میں واٹر فلٹریشن پلانٹ پھر بند، شہری صاف پانی کیلئے پریشان

ہربنس پورہ میں واٹر فلٹریشن پلانٹ پھر بند، شہری صاف پانی کیلئے پریشان
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

افشاں رضوان:ہربنس پورہ میں مہتاب پارک کے قریب کینال روڈ سروس لین پر قائم واٹر فلٹریشن پلانٹ ایک بار پھر غیر فعال ہوگیا، جس کے باعث اہل علاقہ کو صاف پانی کے حصول میں مشکلات کا سامنا ہے۔ انتظامیہ کی جانب سے چند ماہ قبل مرمت کیا جانے والا فلٹریشن پلانٹ دوبارہ خراب ہوگیا ہے۔

علاقہ مکینوں کے مطابق فلٹریشن پلانٹ کی مشینری خراب ہونے کے باعث پانی کی فراہمی متاثر ہے۔ گرمی کے موسم میں شہری دور دراز علاقوں سے پانی لانے پر مجبور ہیں، جبکہ مرمت کے بعد پلانٹ صرف ایک ماہ ہی فعال رہ سکا۔

مکینوں کا کہنا ہے کہ واٹر فلٹریشن پلانٹ گزشتہ 6 ماہ سے بند ہے اور اسے فعال کروانے کیلئے متعلقہ انتظامیہ کی ہیلپ لائن پر متعدد بار شکایات بھی درج کروائی جا چکی ہیں، تاہم شکایات کے باوجود پلانٹ کی بحالی کیلئے کوئی مؤثر کارروائی نہیں کی گئی۔

اہل علاقہ نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ واٹر فلٹریشن پلانٹ کی فوری مرمت کرکے اسے فعال کیا جائے تاکہ شہریوں کو صاف پانی کی سہولت دوبارہ میسر آسکے۔