ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

رینالہ خورد: مال بردار ٹرینوں میں تصادم، ایک شخص جاں بحق، 2 زخمی

رینالہ خورد: مال بردار ٹرینوں میں تصادم، ایک شخص جاں بحق، 2 زخمی
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

رانا امجد فاروق:  پنجاب کے ضلع اوکاڑہ کی تحصیل رینالہ خورد میں 2مال بردار ٹرینوں کے درمیان خوفناک تصادم کے نتیجے میں اسسٹنٹ ڈرائیور جاں بحق جبکہ دو افراد زخمی ہو گئے۔

ریلوے حکام کے مطابق حادثہ شرقی بائی پاس کے قریب پیش آیا، جہاں ایک مال بردار ٹرین کا انجن سامنے سے آتی ہوئی دوسری مال گاڑی سے ٹکرا گیا۔ تصادم اتنا شدید تھا کہ انجن الٹ گیا اور متعدد بوگیاں پٹڑی سے اتر کر نیچے جا گریں۔

عینی شاہدین کے مطابق پیچھے سے آنے والی ایک اور مال گاڑی بھی متاثرہ ٹرین کی بوگیوں سے ٹکرا گئی، جس سے مزید نقصان ہوا اور دھماکے کی آواز دور دور تک سنی گئی۔حادثے میں اسسٹنٹ ڈرائیور امتیاز موقع پر ہی دم توڑ گئے جبکہ ڈرائیور سمیت 2افراد زخمی ہوئے، جنہیں فوری طور پر قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔

حادثے کے بعد لاہور اور کراچی کے درمیان اپ اور ڈاؤن ریلوے ٹریک پر ٹرینوں کی آمد و رفت معطل ہو گئی ہے۔ متعدد مسافر ٹرینوں کو مختلف ریلوے اسٹیشنز پر روک دیا گیا ہے جس کے باعث مسافروں کو شدید پریشانی کا سامنا ہے۔

ریسکیو 1122، پولیس اور دیگر امدادی ادارے فوری طور پر موقع پر پہنچ گئے، تاہم ریلوے حکام کے مطابق تاحال متاثرہ ٹریک کلیئر کرنے کا کام شروع نہیں ہو سکا۔ حکام کا کہنا ہے کہ جلد دونوں ٹریکس بحال کر دیے جائیں گے تاکہ ریل سروس دوبارہ شروع کی جا سکے۔

حادثے کی مکمل تحقیقات کے لیے انکوائری کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ ابتدائی طور پر امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ واقعہ سگنلنگ سسٹم یا کوآرڈینیشن میں خرابی کے باعث پیش آیا۔